0
Sunday 23 Feb 2020 23:59

عمران خان نے کندیاں میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

عمران خان نے کندیاں میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے میانوالی کے علاقے کندیاں میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کندیاں میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر صوبائی حکام عمران خان کے ہمراہ شجر کاری مہم کی تقریب کے موقع پر موجود تھے۔ میانوالی آمد پر وزیراعظم کو شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری کی اہمیت کے حوالے سے ہمیں اپنے بچوں کو پڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ہر طرح کا موسم ہے، ہر طرح کا پھل یہاں پیدا ہوتا ہے، ہماری غلطی ہے کہ ہم نے اللہ کی دی ہوی نعمتوں کو صحیح طریقے سے استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں پاکستان میں لوگوں کو اپنے جنگلات تباہ کرتے ہوئے دیکھا۔ وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جن مجرمان نے ہمارے جنگلات کو تباہ کیا ہے انہیں پکڑ کر جیل میں ڈالیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگلات ہی نوجوانوں کا مستقبل ہیں، یہ جنگل آپ کو نوکریاں دلائے گا جس کا اندازہ آپ کو آئندہ سالوں میں ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کندیاں میں بیری لگارہے ہیں اور اس کے شہد کی دنیا میں سب سے زیادہ مانگ ہے اور لوگ بیری کے شہد پر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، اس سے خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت میانوالی پر پیسہ خرچ کر رہی ہے، ہم یہاں کے اسکول اور ہسپتال ٹھیک کر رہے ہیں اور پانی کا مسئلہ بھی حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب میں آئی جی لے کر آئے ہیں اور ان کو کہا ہے کہ بڑے ڈاکوؤں کو پکڑیں کیونکہ چھوٹے چوروں کو پکڑنے سے چوری نہیں ختم ہوتی، ہماری حکومت نے پہلی مرتبہ اس طرح کا اقدام کیا ہے جس سے امید ہے کہ کرپشن کم ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 846334
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش