0
Sunday 23 Feb 2020 23:51

حکومت کو عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے امریکی اثر و رسوخ سے نکلنا ہوگا، علامہ احمد اقبال

حکومت کو عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے امریکی اثر و رسوخ سے نکلنا ہوگا، علامہ احمد اقبال
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ حکومت کو پاکستانی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے امریکی اثر و رسوخ سے نکلنا ہوگا، لاپتہ افراد کا مسئلہ ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہا ہے، مودی سرکار نے کشمیر میں مظالم کی سیاہ تاریخ رقم کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے دو روزہ شوریٰ اجلاس سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں ہمارے پرامن اور شریف شہریوں کو شیڈول فورتھ میں ڈالنا سراسر زیادتی ہے۔ پنجاب اور سندھ کے بعد خیبر پختونخوا میں آئے روز نوجوانوں کو لاپتہ کردیا جانا انتہائی تشویشناک ہے۔

اگر کوئی شخص ریاست مخالف سرگرمی میں ملوث ہے تو اسے منظرعام پر لایا جائے۔ اس طرح لاپتہ کرنے کا پاکستان کا قانون اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان امریکی اشاروں پر چلنے کی بجائے ملکی مفادات میں فیصلے کرے اور پالیسی بنائے۔ پاکستان کے عوام کو ہرگز امریکی دوستی قبول نہیں۔ انہوں نے کشمیر کی صورتحال پر کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ حکومت مسئلہ کشمیر کو پس پشت نہ ڈالے اور کشمیر کے مسئلہ پر عملی اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 846337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش