0
Tuesday 10 Mar 2020 21:36

تفتان قرنطینہ میں زائرین کی مشکلات کو حل اور سہولیات فراہم کی جائیں، علامہ ساجد نقوی

تفتان قرنطینہ میں زائرین کی مشکلات کو حل اور سہولیات فراہم کی جائیں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ تفتان بارڈر پر قائم قرنطینہ میں زائرین کی مشکلات کو حل کیا جائے اور ضروری سہولیات فوری مہیا کی جائیں، پاکستان ہاﺅس میں موجود دل، شوگر اور دیگر امراض میں مبتلا زائرین کیلئے طبّی سہولیات کا خاطر خواہ انتظام کیا جائے اور ڈاکٹرز کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔علاوہ ازیں تازہ ترین صورتحال کے مطابق پاکستان ہاﺅس میں حفظان صحت کے ناقص انتظام کی وجہ سے مشکلات بڑھ رہی ہیں، زائرین کو باسی کھانا دینے سے گریز کیا جائے اور تازہ معیاری کھانا فراہم کیا جائے۔

انکا کہنا تھا کہ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث گرم بستروں اور لحاف کی کمی کو دور کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے عدم پھیلاﺅ کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانا وقت کی ضرورت ہے لیکن مدت پوری کرنیوالے زائرین کی واپسی کیلئے بھی قابل قبول پروگرام ترتیب دیا جائے۔ تفتان بارڈر پر زائرین کو قرنطینہ میں رکھنے اور دیگر انتظامات کے لئے زائرین کے مسائل و مشکلات کو عوامی بنیادی مسئلہ تسلیم کیا جائے، زائرین کی ممکنہ اور پیش آمدہ مسائل کے بہتر اور مناسب حل کیلئے منظم پروگرام مرتب کیا جائے اور خواتین، بچوں اور بزرگوں کے احترام اور انتظام کو مقدم سمجھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تفتان قرنطینہ میں ہزاروں زائرین میں سے کسی ایک میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ واضح اور منظم پروگرام کے اعلان میں تاخیر سے زائرین، لواحقین اور عوام میں شدید بے چینی و اضطراب پایا جارہا ہے، لازم ہے کہ جو زائرین قرنطینہ میں قیام کی مدت پوری کر چکے ہیں انہیں جلد از جلد باحفاظت گھروں کو روانہ کیا جائے اور جو زائرین بارڈر پر موجود ہیں انہیں دوران قیام ہمہ قسمی مناسب سہولیات فرہم کی جائیں، ان کی روانگی کا بہتر، مناسب اور قابل قبول پروگرام ترتیب دیا جائے کیونکہ پروگرام واضح ہونے سے ہی زائرین، لواحقین اور عوام کی بے چینی و اضطراب میں کمی ممکن ہوگی اور ممکنہ مسائل و مشکلات بھی پیدا نہیں ہوں گے۔ آخر میں علامہ ساجد نقوی نے تمام مریضوں کی جلد شفا یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ زائرین اس بیماری کے انسداد کیلئے احتیاطی تدابیر کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 849546
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش