1
Thursday 19 Mar 2020 23:00

الانبار کا امریکی اڈہ تمام فوجی سازوسامان سمیت عراقی فوج کے سپرد

الانبار کا امریکی اڈہ تمام فوجی سازوسامان سمیت عراقی فوج کے سپرد
اسلام ٹائمز عراقی سکیورٹی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے الانبار میں موجود امریکی اتحاد کے فوجی اڈے "الفوسفات" کو امریکی انخلاء کے بعد تمام فوجی سازوسامان سمیت اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ عراقی خبررساں ایجنسی "ناس" نے اطلاع دی ہے کہ عراقی سکیورٹی فورسز نے اپنے مختصر بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوجی اتحاد نے عراقی صوبہ الانبار سے عقب نشینی اختیار کر لی ہے۔ اس بیان کے مطابق الانبار میں موجود "الفوسفات" نامی امریکی فوجی اڈہ، اس میں موجود تمام فوجی سازوسامان سمیت اب عراقی فوج کے کنٹرول میں آ گیا ہے۔


صوبہ الانبار میں موجود امریکی فوجی اڈے سے امریکی اتحاد کی عقب نشینی کے بعد اب اس فوجی اڈے کا کنٹرول عراقی فوج کے 8 ویں ڈویژن سے متعلق بریگیڈ نمبر 22 کو سونپ دیا گیا ہے۔ عراقی خبررساں ایجنسی نے اس حوالے سے ایک تصویر بھی منتشر کی ہے جس میں اس فوجی اڈے سے امریکی اتحادی فورسز کے انخلاء اور اس کے عراقی فوج کے حوالے کئے جانے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ الانبار میں موجود یہ فوجی اڈہ قبل ازیں امریکی، فرانسیسی اور پولش فوجیوں کے کنٹرول میں تھا۔


واضح رہے کہ "الفوسفات" فوجی اڈہ نہ صرف امریکی اتحادی فورسز کے لئے شام میں واقع "التنف" امریکی فوجی اڈے اور عراق میں موجود "عین الاسد" ایئربیس کے درمیان رابطے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا بلکہ امریکی اتحادیوں کو عراق کے مغربی حصے میں جاسوسی کی خدمات اور ہوائی سپورٹ بھی فراہم کرتا تھا۔ یاد رہے کہ عراقی پارلیمنٹ کی طرف سے امریکی فوجی اتحاد کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیئے جانے کے بعد سے عراقی حلقوں میں ملک کے اندر غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بغداد کے شمال میں واقع "التاجی" نامی امریکی فوجی اڈے کو بھی متعدد بار نامعلوم راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے جن سے اب تک دسیوں امریکی و برطانوی فوجی ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 851412
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش