0
Saturday 21 Mar 2020 13:24

امریکا میں دہشت گردی کے الزام میں ایک پاکستانی ڈاکٹر گرفتار

امریکا میں دہشت گردی کے الزام میں ایک پاکستانی ڈاکٹر گرفتار
اسلام ٹائمز۔ امریکی ریاست منیسوٹا میں ایک پاکستانی ڈاکٹر کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جو میو کلینک کے سابق ریسرچ کوآرڈینیٹر بھی ہیں۔ پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ گرفتار شخص نے فیڈرل بورڈ آف انویسٹیگیشن ( ایف بی آئی) کے مخبروں کو بتایا تھا کہ انہوں نے داعش کے ساتھ وفاداری کا عزم کیا ہے اور امریکا میں حملے کرنا چاہتے ہیں۔ محمد مسعود کی عمر 28 سال ہے جنہیں ایف بی آئی کے اہلکاروں نے مینیا پولیس کے سینٹ پاؤل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا اور ان پر غیرملکی دہشت گرد تنظیم کو مادی معاونت فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پراسیکوٹرز کا کہنا تھا کہ محمد مسعود امریکا میں ورک ویزا پر ٹھہرے ہوئے تھے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ جنوری کے آغاز میں مسعود نے مخبروں کو کئی بیانات دیے جنہیں وہ داعش کے اراکین سمجھے تھے اور اس کے ساتھ اس گروہ اور اس کے سربراہ کے ساتھ وفاداری کا عہد بھی کیا۔

انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ مسعود نے داعش کے لیے لڑنے کی خاطر شام جانے اور امریکا میں حملے کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا۔ ایف بی آئی کے بیان حلفی کے مطابق ایک موقع پر مسعود نے مخبر کو پیغام بھیجا کہ میں یہاں بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں، آپ جانتے ہیں خود سے حملے لیکن میں نے اندازہ لگایا ہے کہ مجھے بہنوں، بھائیوں اور بچوں کی مدد کے لیے میدان میں ہونا چاہیے۔ پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ انہوں نے 21 فروری کو شگاگو سے امان اور اردن جانے کا ٹکٹ خریدا اور اس کے بعد وہاں سے شام جانے کا منصوبہ بنایا۔ ان کا مارچ کے اواخر میں امریکا سے جانے کا ارادہ تھا لیکن 16 مارچ کو انہیں اپنا سفری منصوبہ تبدیل کرنا پڑا کیوں کہ کورونا وائرس کے سبب اردن نے اپنی سرحد بند کر دی تھی۔

اس کے بعد مسعود اور ان کے ساتھ ایک مخبر نے مینیا پولیس سے لاس اینجلس جانے کا منصوبہ بنایا جہاں اس مخبر سے ملاقات کرنی تھی جس کے بارے میں مسعود سمجھتے تھے کہ وہ مال بردار جہاز سے داعش کے خطے تک جانے میں مدد کرے گا۔ تاہم جب مسعود نے لاس اینجلس کی پرواز کے لیے ایئرپورٹ پر چیک ان کیا تو انہیں گرفتار کر لیا گیا، ان کی وکیل مینی اتوال کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتیں۔

عدالتی دستاویز میں اس کلینک کا نام نہیں بتایا گیا جہاں مسعود کام کر رہے تھے لیکن لنکڈ ان پر اسی نام کے شخص جس کی سفری معلومات بھی یکساں تھیں کے اکاؤنٹ پر لکھا ہوا تھا کہ مسعود فروری 2018ء سے منیسوٹا کے روسچیسٹر کے میو کلینک میں کام کر رہے تھے، جو پہلے ایک ریسرچ ٹرینی تھے لیکن گزشتہ برس مئی سے کلینیکل ریسرچ کوآرڈینیٹر بن گئے تھے۔ ریسرچ گیٹ ڈاٹ نیٹ پر موجود ایک پروفائل میں لکھا تھا کہ انہوں نے کارڈیا لوجی میں ریسرچ کی ہے ایک آن لائن کلینڈر ایونٹ کے مطابق انہیں اکتوبر 2018ء میں میو کلینک اسکول آف کنٹینیوس پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے سامنے اپنی ریسرچ پیش کرنی تھی۔
خبر کا کوڈ : 851728
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش