0
Sunday 17 Jul 2011 13:18

پاکستان،سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کا منصوبہ نہیں رکھتا

اسلام آباد،سعودی سفیر کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات
پاکستان،سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کا منصوبہ نہیں رکھتا
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ پاکستان سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کا دورہ ایران علاقائی یا وسیع تر پس منظر کی بجائے دوطرفہ افہام و تفہیم تک محدود رہا۔ تہران کے اس ایک روزہ دورے میں صدر مملکت کے ہمراہ پیٹرولیم و قدرتی وسائل اور پانی و بجلی کے وفاقی وزراء موجود تھے۔ اس سے اس بات کا پتہ لگتا ہے کہ دونوں طرف سے توانائی کے موضوع پر تبادلہٴ خیال کیا گیا ہو گا اور اس میں دفتر خارجہ کی جانب سے اعلٰی حکام شامل نہیں تھے، سوائے چیف آف پروٹوکول کے جو صدر مملکت کے ہمراہ ہے۔ انتہائی اعلٰی سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ صدر مملکت کا حالیہ دورہ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی دعوت پر کیا گیا اور اس موقع پر دونوں صدور کے درمیان ملاقات کے موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہٴ خیال متوقع ہے۔ 
ان ذرائع نے واضح کیا کہ ایران اور سعودی عرب باہمی سفارتی تعلقات رکھتے ہیں اور اگر یہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے کوئی مشکل محسوس کریں تو یہ دونوں اسے سفارتی راستوں کے ذریعے آسانی سے تلاش کر سکتے ہیں، جبکہ اسلامی تعاون تنظیم کے اچھے عہدے بھی ان دونوں برادر ملکوں کو دستیاب ہیں اور اتفاق سے دونوں ملک او آئی سی کے رکن بھی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عبدالعزیز ابراہیم الغدیر اور صدر مملکت کے درمیان ایک روز قبل ہونے والی ملاقات کا صدر زرداری کے اس دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ ایک شیڈول دورہ تھا اور اس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کے نمائندے نے صدر زرداری کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کے لئے سعودی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔
اسلام آباد،سعودی سفیر کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات
سعودی سفیر عبدالعزیز الغدیر نے اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔ ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، خطے اور مشرقی وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے قریبی و برادارنہ تعلقات اور تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے اور سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبے میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ صدر مملکت نے مشکل کی ہر گھڑی میں سعودی عرب کی طرف سے حکومت پاکستان اور عوام کی مدد کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 85373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش