0
Thursday 9 Apr 2020 23:29

ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کا اجلاس، حکومتی امداد کو شفاف بنانے کا مطالبہ

ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کا اجلاس، حکومتی امداد کو شفاف بنانے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کی زیر صدارت وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل آغا سید طالب حسین ہمدانی، سیکرٹری تنظیم سازی سید فدا حسین نقوی، چیئرمین المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل سید رضی عباس سبزواری اور سیکرٹری روابط سید عامر علی نقوی شریک ہوئے۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے کابینہ ارکان سے تجاویز و آراء لی گئیں، جس میں آغا طالب حسین ہمدانی نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے جو لسٹیں تیار کی جا رہی ہیں، اس میں سیاسی تعصب پایا گیا ہے، جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے اور حکومت سے مطالبہ ہے کہ سیاسی تعصب کو بالا طاق رکھتے ہوئے ہر مستحق کو حکومتی امداد پہنچائی جائے، علاوہ ازیں ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ارکان مجلس اپنی سطح پر کردار ادا کریں، حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اس مشکل وقت میں سیاسی تعصب اور اقرباء پروری کو بالائے طاق رکھ کر مستحق اور سفید پوش افراد کی امداد کی جائے۔

علاوہ ازیں علامہ تصور جوادی نے کہا کہ حکومت کے لیے بھی سخت امتحان ہے کہ حکومت اپنے شہریوں کے اعتماد کو کس طرح قائم رکھتی ہے، یہ وقت زلزلے سے بھی مشکل ترین وقت ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح باقی صوبوں نے وفاق کے امدادی پیکج میں اپنا حصہ ڈالا، اس طرح ریاستی حکومت کی طرف سے اس طرح کوئی پالیسی دی جائے۔ نیز تاجر برادری جو اس لاک ڈاؤن سے شدید متاثر ہوئی ہے، اس کو بھی واضح پیکج دیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مساجد اور مدارس دینیہ کی بندش، اجتماعات، محافل، مجالس کا انعقاد نہ ہونے کہ وجہ سے معاشرے کے ایک انتہائی اہم طبقہ علماء کرام جو معاشرے کے انتہائی اہم جزو شمار کیے جاتے ہیں اور ہر مشکل میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں، ان کے لیے بھی حکومت خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔
خبر کا کوڈ : 855705
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش