0
Sunday 19 Apr 2020 13:47

آئی پی پی اور شوگر مافیا رپورٹ پر عملدرآمد حکومت کا امتحان ہے، شیخ رشید

آئی پی پی اور شوگر مافیا رپورٹ پر عملدرآمد حکومت کا امتحان ہے، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار افراد کی رہائی کی درخواست کی ہے۔ لاہور میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے اسٹیشن پر راشن کی تقسیم کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن ایسا ہو جس میں لوگ بھوک سے نہ مریں، غریب آدمی کو راشن مل رہا ہے، اصل مسئلہ سفید پوش کا ہے جس کے پاس روزگار نہیں ہے اور جوہاتھ پھیلانا توہین سمجھتا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت نے نماز کی اجازت دیدی ہے اللہ بڑا ہے اور اس نے کرم کرنا ہے، اسی نے یہ وبا ختم کرنی ہے اور ہمارے گناہوں کو معاف کرنا ہے، کورونا پاکستان میں کنٹرول ہوگا اور وہ تباہی نہیں مچائے گا جو یورپ میں پھیلی ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آٹا چینی بحران کی فرانزک رپورٹ کچھ روز لیٹ ہو سکتی ہے لیکن آئے گی ضرور، بجلی منافع پر آئی پی پی رپورٹ، شوگر اور قرض معاف کرانیوالے چور انجام کو پہنچیں گے، رپورٹ پر عملدرآمد حکومت کا امتحان ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن کیسز میں اور بڑے منی لانڈرز میں سے ایک بھی جیل میں نہیں، صرف غریب آدمی جیل میں ہے، اومنی گروپ سے لے کر آصف زرداری تک سب ضمانت پر ہیں، لیکن غریب کی ضمانت نہیں، حد ہوتی ہے ہر چیز کی۔ وزیر ریلوے مزید کہا کہ عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے پنجاب میں ڈبل سواری اور دفعہ 144 کے تمام ملزم چھڑوائے، مراد علی شاہ سے درخواست کرتا ہوں کہ دفعہ144 کے تمام افراد کو رہا کیا جائے، آپ نے دفعہ144 کی خلاف ورزی پر 4200 افراد گرفتار کیے ہیں، ماں، بہن، بیٹی کے بیمار ہونے پر کیا کوئی باہر نہ نکلے۔
خبر کا کوڈ : 857633
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش