0
Friday 8 May 2020 00:13

بھارتی قابض فوج کشمیری قیادت کو چن چن کر قتل کر رہی ہے، سراج الحق

بھارتی قابض فوج کشمیری قیادت کو چن چن کر قتل کر رہی ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ریاض نائیکو کی شہادت کشمیر میں آزادی کی منزل کو مزید قریب کرے گی۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد جس طرح آزادی کی تحریک میں نیا موڑ آیا تھا اور ہزاروں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان تحریک میں شامل ہوگئے تھے، اسی طرح ریاض نائیکو کی شہادت سے کشمیری نوجوانوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے۔ بھارتی قابض فوج کشمیری قیادت کو چن چن کر قتل کر رہی ہے۔ گذشتہ نو ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈائون ہے۔ کورونا کی عالمی وباء کے دوران بھارتی فوج نے ظلم و جبر کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور کورونا کو معصوم کشمیریوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ ایک طرف کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں اور دوسری طرف قابض فوج گھر گھر تلاشی کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر قتل کر رہی ہے۔ بھارت تمام تر مظالم اور جبر و تشدد کے باوجود آزادی کی تحریک دبا نہیں سکے گا۔

اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کو رکوائیں اور کشمیریوں سے حق خود ارادیت کے اپنے وعدے کو پورا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ریاض نائیکو شہید کی غائبانہ نماز جنازہ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور نائب امیر لیاقت بلوچ بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔ آزادی کی تحریک کو بھارت پون صدی میں نہیں دبا سکا، اس کے ظلم و جبر کے تمام تر ہتھکنڈے آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ بھارتی افواج کی درندگی جیسے جیسے بڑھ رہی ہے، کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارہ ہزار کشمیری نوجوانوں کو اٹھا کر بھارتی جیلوں میں قید کر دیا گیا ہے، روزانہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں مارا جا رہا ہے اور ہزاروں بھارتی فوج کے عقوبت خانوں اور ٹارچر سیلوں میں بند ہیں۔ مگر کشمیر کے ہر گھر سے آج بھی آزادی کے نعرے سنائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی سمجھتا تھا کہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو بدلنے، حریت قیادت کو نظر بند کر دینے اور ہزاروں نوجوانوں کو اٹھا کر غائب کر دینے سے کشمیر پر اس کی گرفت مضبوط ہو جائے گی، مگر حالات نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارتی افواج کو پہلے سے بھی زیادہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کشمیری حق خودارادیت اور آزادی کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ ہماری حکومتوں نے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالے رکھا، حکمران بھارتی سرکار سے ہاتھ ملانے کیلئے کشمیریوں کی مدد سے ہاتھ کھینچتے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 861355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش