0
Tuesday 19 May 2020 19:55

حکومت 3 ماہ کے بجلی، گیس اور پانی کے بل معاف کرے، ثروت اعجاز قادری

حکومت 3 ماہ کے بجلی، گیس اور پانی کے بل معاف کرے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر سیاست اور صوبیداری کرنیوالوں نے عوام کو پریشان اور راشن سے محروم رکھا، سندھ میں سماجی و فلاحی جماعتیں گھر گھر راشن تقسیم نہیں کرتیں، تو خانہ جنگی کی صورتحال ہوتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ لاک ڈاؤن کرنے کا شوق رکھنے والے پڑوس ملک کی طرح عوام کی خدمت کو بھی شعار بنائیں، مزدور، کسان، تاجر اور غریب حکومتی لاک ڈاؤن سے پریشان ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو گھر گھر راشن فراہم کرتی، تو اس کے مثبت نتائج نکلتے، حکومت نے نہ جانے کہاں اور کن جگہوں پر راشن تقسیم کیا، معلوم نہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کورونا کے خلاف کراچی کو دنیا میں ماڈل کے طور پر پیش کیا جانا چاہیے تھا، وفاقی و صوبائی حکومتوں نے سندھ کے بڑے شہروں کو نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس جب کھانے کو نہیں ہوگا، بچے بھوک سے بلکنے لگیں گے، تو کوئی لاک ڈاؤن نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنا آئینی و جمہوری کردار ادا کرتے ہوئے کمزور طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرے، غریبوں کو ریلیف دیتے ہوئے حکومت فوری طور پر تین ماہ کے بجلی، گیس اور پانی کے بل معاف کرے، آمرانہ اور ڈکٹیٹر شاہی سے کام نہیں چلایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 863635
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش