1
Saturday 23 May 2020 21:28

عراق میں قائم امریکی فوجی اڈوں کے اندر صیہونی جاسوس تنظیمیں بھی موجود ہیں، کریم علیوی

عراق میں قائم امریکی فوجی اڈوں کے اندر صیہونی جاسوس تنظیمیں بھی موجود ہیں، کریم علیوی
اسلام ٹائمز۔ عراقی رکن پارلیمنٹ کریم علیوی نے خبردار کیا ہے کہ عراق کے اندر واقع امریکی فوجوں اڈوں میں صیہونی (اسرائیلی) انٹیلیجنس ایجنسیز بھی موجود ہیں۔ عرب ای مجلے بغداد الیوم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عراقی پارلیمنٹیرین کریم علیوی نے کہا ہے کہ عراق کے اندر قائم بعض فوجوں اڈوں میں تعینات امریکی فوجیوں نے اپنے ساتھ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جاسوس تنظیموں کو بھی عراقی سرزمین میں گھسا رکھا ہے جو ملک کی تمام سکیورٹی اطلاعات پر دسترس رکھتی ہیں۔

کریم علیوی نے کہا کہ عراقی سرزمین پر امریکی فوجیوں کے روپ میں اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسیز کا وجود کوئی نئی بات نہیں بلکہ امریکی فوجی عراقی سرزمین پر اپنی موجودگی کے پہلے دن سے ہی اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسیز کو بھی عراق کے اندر لے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں امریکہ و اسرائیل کا ایک ہی ہدف ہے جبکہ عراق کے اندر گھناؤنی سازشیں پھیلانے اور عراقی ملک و قوم کو نقصان پہنچانے میں دونوں برابر کے شریک ہیں۔

عراقی پارلیمنٹیرین کریم علیوی نے عراق کے ساتھ امریکی۔اسرائیلی دشمنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے جنگی طیارے چند ہفتے قبل ہی حشد الشعبی سمیت عراق کی متعدد سکیورٹی فورسز کے مراکز کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے خلاف یہ اسرائیلی جارحانہ اقدامات ملکی سرزمین پر قائم امریکی فوجی اڈوں کے اندر موجود انہی صیہونی جاسوس تنظیموں کی مدد سے انجام پاتے ہیں۔ کریم علیوی نے کہا کہ امریکی فوجی اڈوں میں موجود صیہونی جاسوس تنظیمیں تل ابیب کو نہ صرف بمباری میں مدد بلکہ یہاں رونما ہونے والی ہر تبدیلی کی اطلاع بھی فراہم کرتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 864528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش