0
Saturday 13 Jun 2020 01:19

پیٹرول کے بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، ناصر حسین شاہ

پیٹرول کے بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات، ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ، مذہبی امور، جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پیٹرول / آئل کے بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، اس پر بھی ایک کمیشن بننا چاہیئے جو کہ اس بات کا جائزہ لے کہ آخر اس کی کیا وجہ ہے کہ جب پوری دنیا میں آئل کی قیمتیں کم ہیں تو ہمارے ملک میں پیٹرول کا بحران آیا ہوا ہے، آخر اس کی کیا وجہ ہے اور عوام الناس پریشان ہیں، جس کا احساس وفاقی حکومت کو نہیں ہے۔ اپنے ایک بیان میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز پیش کی ہے کہ ورچویل اجلاس بلانا چاہیئے کیونکہ کورونا کی وجہ سے موجودہ صورتحال آئیڈیل نہیں ہے کہ ہم سب لوگ اکھٹے اتنے طویل وقت کے لئے جمع ہوجائیں، اس لئے انہوں نے ورچویل اجلاس کی تجویز بہت بہتر پیش کی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں ہمیں اس سے مستفید ہونا چاہیئے تاکہ ہم مزید بیماریوں سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت ہی آسانی سے بجٹ کی تقریر ہو سکتی ہے اور درچویل اجلاس بھی ہوسکتا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس مثبت اقدام پر مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان بھی اس پر متفق ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تعالی سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس بھی اسی طرح سے منعقد کیا جائے گا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو چند دن پہلے بلایا تھا انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تمام کاروائی ویڈیو لنک کے ذریعے بھی ہوسکتی تھی لیکن ان کو بلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر لوگوں سے بھی اسی طرح پوچھ گچھ ہو سکتی تھی، پوری دنیا میں عصر حاضر میں اسی طرح کا طریقہ کار رئج ہے لیکن ان حالات میں لوگوں کو اس طرح طلب کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کی خدمات اسپیکر قومی اسمبلی لے سکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ فواد چودھری نے سندھ اسمبلی کو ورچویل اجلاس کے لئے وزارت سائنس کی خدمات پیش کی ہیں، ان کی اس پیشکش کو سندھ حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت بہت زیادہ خوش قسمت ہے جس کی اپوزیشن سنجیدہ، تجربہ کار اور مخلص ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپوزیشن نے سنجیدہ مشورے دیئے ہیں اور اپوزیشن نے ان کے کسی بھی کام میں رکاوٹ نہیں ڈالی اور کورونا سے بچنے کے لئے ان کے اقدامات کو سپورٹ بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پہلے اس کورونا کی وباء کو غیر اہم سمجھا اب ہم کہتے ہیں کہ خدارا سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تاکہ لوگوں کی ہلاکتیں جو کہ بڑھ گئی ہیں ان کو بچایا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 868234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش