0
Sunday 14 Jun 2020 17:42

کورونا کے باعث عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات قبل از وقت کر دی گئیں

کورونا کے باعث عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات قبل از وقت کر دی گئیں
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس خدشات کے باعث سپریم کورٹ میں کل 15 جون سے موسم گرما کی عدالتی تعطیلات شروع ہوں گی۔ لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں بھی 22 جون سے عدالتی چھٹیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ موسم گرما کی عدالتی چھٹیوں کےدوران سپریم کورٹ میں پرنسپل سیٹ پر کل سے صرف ایک ریگولر بنچ سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ مقدمات کی سماعت کریگا۔ بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی شامل ہیں۔ کورونا وائرس وبا اور موسم گرما کی تعطیلات کے باعث صرف معمول کے کیسز کی سماعت ہوگی۔ جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں دس رکنی فل کورٹ بنچ میں جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف صدارتی ریفرنس سے متعلق سماعت جاری رہے گی۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق چیف جسٹس محمد قاسم خان کی زیرصدارت انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وباء کے پیش نظر موسم گرما کی قبل از وقت عدالتی چھٹیاں کرنے بارے فیصلہ کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں 22 جون سے سات ستمبر تک عدالتی چھٹیاں ہوں گی، تاہم ہائیکورٹ میں عدالتی تعطیلات بارے حتمی فیصلہ عدالت عالیہ کا فل کورٹ بینچ کرے گا، فل کورٹ ججز کی منظوری کے بعد ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا، جبکہ لاہور سمیت صوبہ بھرکی ماتحت عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات 22 جون سےشروع ہوں گی، صوبہ بھر کی سیشن کورٹس میں 4 ہفتوں جبکہ سول کورٹ میں 6 ہفتوں کی چھٹیاں ہوں گی۔ ماتحت عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران ڈیوٹی ججز فرائض سرانجام دیں گے۔ ہائیکورٹ کی جانب سے ماتحت عدالتوں میں عدالتی تعطیلات بارے نوٹیفکیشن پندرہ جون بروز پیر کو جاری ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 868559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش