0
Monday 15 Jun 2020 03:21

سندھ کا بجٹ بدھ کو پیش کیا جائے گا، شعبہ صحت کیلئے خطیر رقم مختص کرنے کی تجویز

سندھ کا بجٹ بدھ کو پیش کیا جائے گا، شعبہ صحت کیلئے خطیر رقم مختص کرنے کی تجویز
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بدھ کو سندھ کابینہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2021-2020 کا بجٹ پیش کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت صحت کے 45 نئے منصوبوں کے لئے 17 ارب 70 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں مراد علی شاہ نے بتایا کہ انشاء اللہ بدھ کو سندھ کا بجٹ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے شرکا کو بجٹ سے متعلق حکومتی تجویز اور اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اے ڈی پی میں جاری اسکیمز کو مکمل کریں، صحت کے محکمے کو نئے بجٹ میں  ترجیح دی جائے گی، ہر حال میں صوبے کے عوام  کی خدمت کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث سندھ کے عوام  مشکل میں ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ عوام کی مشکلات کو آسان کیا جائے۔

سندھ بجٹ تجاویز
دوسری جانب ذرائع کی جانب سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے 45 نئے منصوبوں کیلئے 17 ارب 70 کروڑ روپے کا فنڈ رکھنے کی تجویز کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 5 انفیکشن ڈزیز کنٹرول اسپتال حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، بےنظیرآباد اور میرپورخاص میں قائم کئے جائیں گے، 200 بیڈز پر مشتمل فی اسپتال کے  لئے 10 ارب مختص کرنے  کی تجویز کی گئی۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لئے سندھ کے مختلف اضلاع میں ڈی ایچ کیو اسپتالوں کی لیبارٹریز کو جدید کرنے کے لئے رقم مختص کی جائے گی، تھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز مٹھی میں دس بستروں پر مشتمل اسپتال کے لئے 12 لاکھ روپے، اسلام کوٹ اسپتال کے لئے 70 لاکھ، مٹھی وزیٹنگ کنسلٹنٹ کے رہائشی فلیٹس کے لئے 12 کروڑ پچاس لاکھ روپے جبکہ لاڑکانہ چانڈ کا اسپتال کو جدید بنانے کے لئے بھی خطیر رقم مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سول اسپتال کراچی میں گودام بنانے اور سندھ کے ضلع گھوڑا باری میں تیس کروڑ روپے کی لاگت سے ٹی ایچ کیو اسپتال تعمیر کرنے کی تجویز کی گئی، علاوہ ازیں کراچی میں قائم سرکاری اسپتالوں کے لئے پچاس کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 868609
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش