0
Monday 13 Jul 2020 10:51

خیبر پختونخوا، نجی تعلیمی اداروں کا 4 اگست سے اسکولز کھولنےکا اعلان

خیبر پختونخوا، نجی تعلیمی اداروں کا 4 اگست سے اسکولز کھولنےکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ خيبر پختونخوا کے نجی تعليمی اداروں نے ایس او اپیز کے ساتھ 4 اگست سے اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا۔ پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ خیبر سے کراچی تک بغیر ایس او پیز کے بسیں چل سکتی ہیں تو تعلیمی ادارے کیوں بند ہیں؟ کورونا کی وجہ سے لوگ نہیں تعلیم اور تعلیمی ادارے مر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ، میلہ مویشاں، مارکیٹس اور منڈیاں ایس او پیز کے بغیر کھل چکی ہیں اس لئے ہم نے ایس او پیز کے تحت ونٹر زون جس میں ملاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن اور پاڑاچنار کے بعض علاقے شامل ہیں میں نجی تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ونٹر زون میں گذشتہ 9 ماہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں جس کی وجہ سے طلبہ اور طالبات کا وقت تباہ ہوگیا ہے، حکومت نے ستمبر میں اسکولوں کو کھولنے کا اعلان کر دیا ہے مگر ونٹر زون میں دسمبر میں موسم سرما کی چھٹیاں ہوکر طلبہ کا پورا سال ضائع ہوگا، اس لئے وہ 4 اگست سے نجی تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہیں۔ پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے رہنماوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہم پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف شدید مزاحمت کرکے وزیراعلٰی ہاؤس اور بنی گالہ کے سامنے سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے نجی تعلیمی اداروں کے مالکان سے مذاکرات کے موقع پر نجی اداروں کیلئے بلاسود قرضوں اور گرانٹ کیلئے جو کمیٹی تشکیل دی تھی اس نے ابھی تک کوئی کردار ادا نہیں کیا، صوبائی حکومت مذکورہ کمیٹی کی سفارشات کو جاری کرکے منظر عام پر لائیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہم حکومت کے خلاف اعلان جنگ نہیں کرتے بلکہ ان کے ساتھ تعاون کرکے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے لاکھوں اساتذہ کو روزگار دلا رہے ہیں، ڈبلیو ایچ او نے کورونا کے ختم نہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے اس لئے ہم کورونا ایس او پیز کے ساتھ زندگی گزارنے کا طریقہ اپنائیں گے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ پین کی طرف سے اسکول کھولنے کیلئے ایس اوپیز پر عمل درامد کیلئے لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے جس میں کلاس میں صرف 20 طلبہ کو بٹھانے، ماسک اور دستانے لازمی، اسمبلی نہ کرانے، سنیٹائزر کا استعمال اور ہاتھ دھونے کی ذمہ داریاں شامل کی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 874083
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش