0
Tuesday 21 Jul 2020 19:15

عمران حکومت کو گھر بھیجنے کے قانونی و دستوری اقدام کی حمایت کرینگے، جماعت اسلامی

عمران حکومت کو گھر بھیجنے کے قانونی و دستوری اقدام کی حمایت کرینگے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے اور نیب کی کارگردگی و کردار پر عدالتی ریمارکس انصاف اور جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، دہری شہریت کے حامل افراد اگر پارلیمنٹ کے رکن نہیں بن سکتے، تو پھر کابینہ میں کیسے بیٹھ سکتے ہیں، پاکستان کو ایسٹ انڈیا کمپنی بنانے کی طرف لے جانے والے حکمرانوں کو قوم اور تاریخ ہرگز معاف نہیں کرے گی۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ ملک میں کرپش کا خاتمہ اور قومی لٹیروں کا بلاتفریق احتساب قوم کی ترجیح اول تھی، مگر موجودہ حکومت نے احتساب کو انتقام میں بدل کر قوم کو مایوس اور اپنی ساکھ متاثر کی ہے، عملی طور پر کرپشن میں مزید اضافہ اور ہر ادارہ تنزلی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہری شہریت کے حامل ارب پتی مشیروں کی بھرمار کرکے دستور کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی نااہلی اور نیب کی سیاسی و انتقامی کاروائیوں پر عدالت نے مہر تصدیق ثبت کر دی ہے، اسلئے چہروں اور حکومت نہیں، بلکہ فرسودہ نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے قوم جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی اور حکومت کو گھر بھیجنے کے قانونی اور دستوری اقدام کی حمایت کریں گے، لیکن محض چہروں کی تبدیلی سے قوم اور ملک کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، قوم کو آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سمیت عالمی ساہوکار اداروں کے سودی قرضوں، ملک میں جاگیردارانہ سسٹم اور مغربی تہذیب کے پیروکار حکمرانوں سمیت موجودہ کرپٹ سسٹم سے نجات اور امانتدار قیادت، اسلامی نظام حکومت ہی تمام مسائل کا حل اور قوم کی نجات کا واحد راستہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 875782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش