0
Saturday 25 Jul 2020 22:53

بلوچستان، ایف سی کا آپریشن، بی ایل اے کا مرکزی دہشت گرد ہلاک

بلوچستان، ایف سی کا آپریشن، بی ایل اے کا مرکزی دہشت گرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ ایف سی بلوچستان نے تربت میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا ہے، جس میں کالعدم بی ایل اے کا مرکزی دہشت گرد ہلاک ہو گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی، ایف سی بلوچستان کی جانب سے خفیہ معلومات پر تربت کے علاقے بلیدہ میں آپریشن کیا گیا، جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گرد کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے تھا اور وہ ان کا مرکزی دہشت گرد تھا، جب کہ آپریشن کے دوران ہتھیار، گرنیڈ، آلات مواصلات اور دیسی ساختہ بارودی سرنگیں برآمد ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ 19 مئی میں بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشت گردوں سے پاک فوج کے اہلکاروں کی فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، جس میں پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوئے تھے۔ شہید ہونے والے اہلکاروں میں نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش، نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار بھی شہدا میں شامل تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان کے علاقے مشخیل میں دہشتگردوں اوراسمگلرز کی جانب سے انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کی ٹیم پر حملے کے نتیجے میں 2 جوان شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔ ترجمان اے این ایفنے کہا تھا اسمگلروں کی جانب سے فائرنگ اور راکٹ لانچر حملے میں 2 گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھیں۔ ترجمان کے مطابق اے این ایف کی ٹیم بھاری منشیات برآمد کرکے واپس آرہی تھی کہ 50 سے 60 حملہ آوروں نے مہراب لوگ کے علاقے میں حملہ کیا۔ ترجمان کے مطابق اے این ایف کی ٹیم نے ساڑھے 3 گھنٹے دہشتگردوں اور اسمگلرز کا مقابلہ کیا۔ ایف سی کے اہلکار پہنچنے پر حملہ آور فرار ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 876540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش