1
Sunday 16 Aug 2020 23:12

امریکہ عراق سے نہیں نکلے گا بلکہ اپنی بےتکی شرائط کے ذریعے الکاظمی کو پریشان کر دیگا، سلیم الجبوری

امریکہ عراق سے نہیں نکلے گا بلکہ اپنی بےتکی شرائط کے ذریعے الکاظمی کو پریشان کر دیگا، سلیم الجبوری
اسلام ٹائمز۔ سابق عراقی چیئرمین سینیٹ سلیم الجبوری نے عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کے عنقریب امریکی دورے کے حوالے سے کہا ہے کہ عیار امریکہ عراق سے اپنی فورسز کو نہیں نکالے گا بلکہ مصطفی الکاظمی کو اپنی ان عجیب و غریب شرائط سے پریشان کر کے رکھ دے گا جن کا مقدمہ (عوامی مزاحمتی فورسز کا) ہتھیار ڈالنا اور ایران کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے قانون سازی قرار پائے گا۔

عرب ای مجلے المعلومہ کے مطابق سابق عراقی چیئرمین سینیٹ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ امریکہ (اس دورے کے نتیجے میں) عراق سے نہیں نکلے گا بلکہ وہ عراق کے اندر ایک موبائل فوجی اڈہ بنانے کی فکر میں ہے تاکہ وہ (مزاحمتی گروہوں کی) دسترس سے باہر نکل جائے اور اُسے نشانہ نہ بنایا جا سکے۔ سلیم الجبوری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی عراقی پارلیمنٹ ملک کے اندر امریکی فورسز کی موجودگی کا مسئلہ اٹھاتا ہے، امریکی بھی اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس کے مقابلے میں ڈٹ جاتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ عراق کے اندر امریکیوں کا مزید قیام، عراقی عوام کو ہرگز مطلوب نہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ نے سابق عراقی آمر صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بہانے ایک بین الاقوامی اتحاد کے ہمراہ 20 مارچ 2003ء کے روز عراق پر حملہ کر دیا تھا جبکہ عراق کے اندر 8 سالوں پر محیط تباہ کن امریکی جنگ کو دسمبر 2011ء میں باقاعدہ طور پر ختم کر دیا گیا تاہم جون 2014ء میں امریکہ ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی اتحاد کے ہمراہ 'داعش کے ساتھ مقابلے' کے بہانے سے عراق میں داخل ہو گیا۔ علاوہ ازیں باوجود اس کے کہ 9 دسمبر 2017ء کے روز عراقی حکومت کی جانب سے داعش پر فتح کا باقاعدہ اعلان کر کے داعش کے خلاف جاری باقاعدہ جنگ کو تمام کر دیا گیا، امریکی اتحادی فورسز تاحال عراق کے اندر ہی موجود ہیں۔

مزید برآں عراق کے اندر موجود قابض امریکی فورسز نے جاری سال کے آغاز میں عراق میں سفارتی مشن پر موجود ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور دوسرے رفقہاء کے ہمراہ دہشتگردانہ ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں شہید کر دیا تھا جس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عراقی پارلیمنٹ نے ایک متفقہ قرارداد منظور کر کے تمام غیر ملکی فورسز کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم جاری کر دیا تھا تاہم امریکی فورسز عراقی پارلیمنٹ کے فیصلے کو ماننے سے تاحال لیت و لعل سے کام لے رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 880681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش