1
Saturday 29 Aug 2020 00:04

مشرق میں ایسا کوئی عیسائی نہیں جسکا دفاع جنرل قاسم سلیمانی نے نہ کیا ہو، ریان الکلدانی

مشرق میں ایسا کوئی عیسائی نہیں جسکا دفاع جنرل قاسم سلیمانی نے نہ کیا ہو، ریان الکلدانی
اسلام ٹائمز۔ عراقی عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کے عیسائی بریگیڈ "بابلیون" کے سربراہ ریان الکلدانی نے اپنے خطاب کے دوران ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی ٹارگٹ کلنگ پر مبنی دہشتگردانہ امریکی کارروائی کے حوالے سے امریکی وزارت خارجہ مائیک پمپیو پر شدید تنقید کی ہے۔ علاقائی میڈیا کے مطابق ریان الکلدانی نے مائیک پمپیو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منافقت بہت ہو چکی! مشرقی سرزمینوں میں ایسا کوئی عیسائی موجود نہیں جس کا دفاع شہید جنرل قاسم سلیمانی نے نہ کیا ہو۔ انہوں نے امریکی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امریکہ کو خبردار کیا کہ مبادا ہمارے درمیان موجود اس سوچ کے خلاف کوئی حرکت انجام دی جائے!

حشد الشعبی کے عیسائی بریگیڈ کے سربراہ نے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے عیسائی دشمنی میں انجام دیئے جانے والے اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت چاہتی ہے کہ (فلسطین میں موجود) عیسائیوں کے کلیسا "قیامت" (كنيسة القيامة-‎Church of the Holy Sepulchre) کو غصب کر کے وہاں صیہونی رژیم کا دارالحکومت قائم کر دے۔ ریان الکلدانی نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے صدارتی انتخابات کے لئے کامیابیوں کا محتاج ہے چاہے وہ مصنوعی ہی کیوں نہ ہوں اور انہیں حاص کرنے کے لئے مشرقی باشندوں کا خون ہی کیوں نہ بہانا پڑے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ہنوز نہیں بھولی کہ داعش کیا ہے، اس نے کیا کارنامے انجام دیئے ہیں، کن کن لوگوں کو شہید کیا، کس کس کو ہجرت پر مجبور کیا، کون کونسی عبادگاہوں کو مسمار کیا اور عراقی سرزمین پر کیسا فساد اور تباہی پھیلائی ہے۔

عراقی مزاحمتی تحریک بابلیون کے سربراہ نے اپنے خطاب میں امریکی وزیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ جو تم اپنے صدر کے لئے تشہیر کر رہے ہو، شاید عام سی بات ہو لیکن یہ جو تم شہید جنرل قاسم سلیمانی پر تہمت لگا رہے ہو اور جھوٹ باندھ رہے ہو، نہ صرف گمراہی اور کردار کشی ہے بلکہ ایک قسم کا پاگل پن اور ہمارے خلاف براہ راست انجام دیئے گئے جرم میں ہاتھ رنگنے کے مترادف بھی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے چند روز قبل ہی مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کا دورہ کیا تھا جہاں صیہونی ٹیلیویژن پر راہ راست خطاب کرتے ہوئے مائیک پمپیو نے دہشتگردانہ امریکی کارروائی کے دوران ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کی رفقاء سمیت شہادت پر توجیہات پیش کرنے کی کوشش کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 883019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش