0
Tuesday 2 Aug 2011 19:44

حکومت 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریب کوئٹہ میں بلوچوں کیساتھ منائے، صاحبزادہ فضل کریم

حکومت 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریب کوئٹہ میں بلوچوں کیساتھ منائے، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے تجویز دی ہے کہ اس بار 14 اگست کو یوم آزادی کی مرکزی تقریب کوئٹہ میں منعقد کی جائے، جس میں وزیراعظم سمیت تمام قومی رہنما شریک ہو کر ناراض بلوچوں کو محبت اور یکجہتی کا پیغام دیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 14 اگست کے موقع پر ملک میں نظام مصطفٰی کے نفاذ کا اعلان کر کے قوم کو جشن آزادی کا تحفہ دیں کیونکہ نظام مصطفٰی کے نفاذ کے بغیر قیام پاکستان کے مقاصد پورے نہیں ہو سکتے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور بلوچستان پاکستان دشمنوں کا ہدف ہیں۔ اقتدار کے ایوانوں میں استعمار کے کارندے براجمان ہیں۔ چاروں طرف مایوسی ہے اور قوم کسی مسیحا کی طرف راہ دیکھ رہی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملک کی تقدیر اس وقت تک نہیں بدلے گی، جب تک قوم دیانتدار لیڈر نہیں چنے گی۔
انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ عوام کے لیے عذاب مسلسل بن چکی ہے۔ حکومت رمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیمانۂ صبر لبریز ہونے کو ہے، اس لیے حکمران ملک کو فرانس جیسے خونی انقلاب کی طرف جانے سے بچانے کے لیے عوامی مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں خون بہانے والے دہشت گرد کسی رحم کے مستحق نہیں۔ حکومت پوری ریاستی طاقت استعمال کرتے ہوئے کراچی میں قانون شکن عناصر کو کچل ڈالے، تاکہ کراچی کے شہریوں کو امن و سکون میسر آ سکے۔

 

خبر کا کوڈ : 88954
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش