0
Wednesday 3 Aug 2011 22:24

مسلم لیگ ق اور اے این پی نے فوج طلبی کے الطاف حسین کے مطالبے کی حمایت کر دی

مسلم لیگ ق اور اے این پی نے فوج طلبی کے الطاف حسین کے مطالبے کی حمایت کر دی
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ قاف اور اے این پی نے کراچی میں فوج بلانے کے بارے میں الطاف حسین کے مطالبے کی حمایت کر دی۔ چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ کراچی کے حالات کون خراب کر رہا ہے، صرف لوگوں کی نشاندہی کرنا ہو گی۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں یوٹیلٹی سٹور کے افتتاح کے موقع پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ کراچی میں امن کا قیام ضروری ہے، صوبائی دارالحکومت میں قیام امن اور حالات کی بہتری کے لئے کچھ بھی کرنا پڑے اس کی حمایت کریں گے اور اس حوالے کراچی میں فوج بلانے سے متعلق ایم کیو ایم کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ اس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ کراچی کے مسئلے کا حل سیاسی ہے اور اسے سیاسی طور پر ہی حل کیا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ڈرگ اور لینڈ مافیا کا قبضہ ہو گیا تو یہ سیاستدانوں کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔
 اُدھر اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے بھی کراچی میں فوج طلبی کے الطاف حسین کے مطالبے کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی عناصر کراچی کا امن وامان خراب کرنے میں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اے این پی کے نزدیک عوام کے جان ومال سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں ہے اور ان کی جماعت کراچی میں امن وامان کی بحالی کےلئے کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہے۔
کراچی کے مسلے کا حل سیاسی ہے ،چوھدری شجاعت
دیگر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کراچی کے مسئلے کا حل سیاسی ہے، تمام جماعتوں کو اس کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، اسلام آباد میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کراچی کے مسئلے کے حل کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی قیادت کو چاہیئے کہ وہ کراچی میں بیٹھ جائے اور جب تک اس مسئلے کا حل نہیں نکلتا وہاں سے نہ نکلے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن قائم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
 مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو قریب لانے میں کردار ادا کیا ہے، سیاسی جماعتوں کے درمیان مفاہمت سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 89230
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش