0
Friday 16 Oct 2020 22:57
اسرائیلی الحاقی منصوبے مستقل طور پر ختم کر دیئے جائیں

اسرائیل غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینی گھروں کی مسماری کو فوراً ترک کر دے، یورپی ممالک

اسرائیل غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینی گھروں کی مسماری کو فوراً ترک کر دے، یورپی ممالک
اسلام ٹائمز۔ عرب میڈیا کے مطابق 5 یورپی ممالک نے فلسطینی سرزمین پر جاری اسرائیلی غیر قانونی یہودیوں بستیوں کی وسیع تعمیر کی پرزور مذمت کی ہے۔ عرب نیوز چینل الجزیرہ کے مطابق جرمنی، فرانس، برطانیہ، اٹلی اور سپین کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہودی بستیوں کی تعمیر کا نیا دور نہ صرف قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ (فلسطین کے اندر) 2 حکومتوں کے قیام پر مبنی راہ حل کے لئے بھی شدید خطرناک ہے۔ یورپی ممالک کے بیان میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کے اسرائیلی اقدام کو "انتہائی غیر تعمیری" اور "بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی" قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جیسا کہ ہم نے اسرائیلی حکومت کو براہِ راست بھی تاکید کی ہے، یہ اقدامات مذاکرات کے آغاز کے لئے دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد سازی کی کوششوں پر پانی پھیر دینے کے مترادف ہے۔

یورپی ممالک نے اپنے بیان میں تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یہودی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینی گھروں کی مسماری کو فوراً ترک کر دے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2334 پر مکمل عملدرآمد چاہتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ 4 جون 1967ء کے روز یروشلم سمیت پورے علاقے میں کھینچی گئی سرحدی لائنوں میں کسی قسم کی تبدیلی قبول نہیں، مگر وہ جس پر دونوں فریقوں نے اتفاق کیا ہو۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے تمام منصوبے بھی مستقل طور پر ختم کر دیئے جائیں۔ یورپی ممالک نے کہا کہ ہم دونوں فریقوں کو تحمل و بردباری، کسی بھی قسم کے یکطرفہ اقدام سے گریز اور براہِ راست مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز صیہونی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ اسرائیلی حکومت نے فلسطینی مغربی کنارے کے اندر مزید غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کا اجازت نامہ حاصل کر لیا ہے جبکہ اس حوالے سے عرب نیوز چینل المیادین کا کہنا تھا کہ صیہونی سپریم کونسل برائے منصوبہ بندی نے فلسطینی مغربی کنارے کے اندر مزید 2 ہزار 166 یہودی گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح 10 روز قبل ہی صیہونی ای مجلے "اسرائیل ٹائمز" کی جانب سے بھی اطلاع دی گئی تھی کہ تل ابیب نے آئندہ ہفتے کے دوران مغربی کنارے کے اندر مزید 4 ہزار 400 یہودی بستیوں کی تعمیر کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ یاد رہے کہ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر تعمیر کی جانے والی وسیع یہودی بستیوں کی یہ رپورٹس ایک ایسے وقت میں منظر عام پر آرہی ہیں، جب حال ہی میں متعدد عرب ممالک کی جانب سے اس بہانے کے ساتھ غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں کہ ان دوستی معاہدوں کے عوض اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے پر جاری الحاقی منصوبے روک دیئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 892454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش