0
Sunday 18 Oct 2020 22:06

اپوزیشن کے چور اتحاد کے منہ میں زبان ہم نے ہی دی ہے، قیادت سنجیدگی سے جائزہ لے، اعجاز جنجوعہ 

اپوزیشن کے چور اتحاد کے منہ میں زبان ہم نے ہی دی ہے، قیادت سنجیدگی سے جائزہ لے، اعجاز جنجوعہ 
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف ملتان کے سابق ڈویژنل صدر اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی صورت میں اپوزیشن کے چور اتحاد کے منہ میں زبان ہم نے ہی دی ہے، مہنگائی و بیروزگاری کا طوفان اب جان لیوا سونامی بنتا جارہا ہے اور اس طوفان کے سامنے کوئی بند باندھنے کو تیار نظر نہیں آتا۔اراکین پارلیمان و بااختیار افراد محض زبانی کلامی اقدامات کررہے ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت عوام میں اپنا اخلاقی جواز تیزی سے کھو رہی ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان خود سامنے آئیں اور مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا تو مہنگائی کی شرح میں ازخود کمی واقعی ہوجائے گی، اگر صرف آرائشی دفاتر میں بیٹھ کر صورتحال پر غور کریں گے تو حالات مزید ابتر ہوجائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ذرائع ابلاغ کو جاری اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔

اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ عوام نے تبدیلی کے لئے عمران خان پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا لیکن پیشہ ور و موقع پرست نام نہاد سیاسی رہنماوں کی شمولیت سے پارٹی کو بے حد نقصان پہنچ رہا ہے۔ کارکن انتہائی مایوس ہے، اقربا پروری، پسند ناپسند کی بنیاد میں مختلف محکموں میں چئیرمین، وائس چئیرمین سمیت دیگر تقرریوں پر پارٹی کے فعال و سرگرم کارکنوں کی جانب سے سوالیہ نشان اُٹھائے جارہے ہیں۔ پارٹی کی تنظیمی معاملات میں نامعلوم چہروں کو شامل کرکے تحریک انصاف اپنے پاوں پر کلہاڑی کے وار کررہی ہے۔ جس کا بلدیاتی انتخابات پر منفی اثر ہوگا، گلی محلوں کے ترقیاتی کام تک نہیں ہو رہے، اراکین پارلیمان اقتدار کی مستی میں مدہوش نظر آتے ہیں، پارٹی بطور سیاسی تنظیم مکمل غیرفعال ہے، تنظیم سازی میں ایسے لوگوں کو نوازا پارٹی قیادت کی جانب سے اس تمام صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ نہ لیا گیا تو مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ ٹڈی دل کی مانند فصلی بٹیرے تو اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں گے لیکن تبدیلی کے خواہاں کارکن ملک کے مستقبل سے مایوس ہوجائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 892755
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش