0
Thursday 4 Aug 2011 18:41

علاقے کے تمام سکولوں میں تعمیراتی کام جلد مکمل کئے جائیں، سید عاقل شاہ

علاقے کے تمام سکولوں میں تعمیراتی کام جلد مکمل کئے جائیں، سید عاقل شاہ
پشاور:اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل، سیاحت، آثار قدیمہ و امور نوجوانان سید عاقل شاہ نے محکمہ ایلیمنٹری و سیکنڈری تعلیم پشاور کے حکام کو پی کے۔4 میں کئی سالوں سے مکمل شدہ مگر غیر فعال سکولوں کو جلد از جلد فعال بنانے اور وہاں درس و تدریس کا سلسلہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت قیوم سٹیڈیم پشاور میں پی کے- 4 میں عرصہ دراز سے تعمیر شدہ بعض سکولوں میں درس و تدریس شروع کرنے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلے میں محکمہ ہائے ایلیمنٹری و سیکنڈری تعلیم، مواصلات و تعمیرات اور خزانے کے حکام کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں دی۔ اجلاس میں محکمہ ایلیمنٹری و سیکنڈری تعلیم پشاور کے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر افتخار احمد، سیکشن افسر نور عالم وزیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سید بشیر حسین، سینئر پلاننگ آفیسر حشمت علی، اے ڈی او انعام اللہ، محکمہ خزانہ کے حیات الرحمان، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایس ڈی او مہدی رضا، سپرنٹنڈنگ انجینئر افتخار بابر اور دوسرے حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر کھیل نے اس امر پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا کہ پی کے ۔4 میں عرصہ سے بعض سکول تعمیر شدہ ہیں مگر بعض تحفظات کی بناء پر وہاں درس و تدریس کا سلسلہ شروع نہیں کیا جا رہا۔ ان سکولوں میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول امید آباد نمبر2 گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول سیدہ زینب گل آباد اور گورنمنٹ گرلزپرائمری سکول مشتاق آباد شامل ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے مزید کہا کہ گورنمنٹ مڈل سکول نوتھیہ قدیم کی ہائی سکول تک درجہ بندی، گورنمنٹ ہائی سکول لنڈی ارباب کی نو تعمیر شدہ عمارت تک منتقلی،گورنمنٹ مڈل سکول نودیہہ پایاں باڑہ روڈ کی عمارت کی تعمیر جسے دہشت گردوں کی طرف سے راکٹ داغنے سے نقصان پہنچا تھا کی تعمیر ابھی ہونا باقی ہیں اسی طرح گورنمنٹ مڈل سکول مشتاق آباد نوتھیہ جدید جس کی تعمیر مکمل ہے مگر اسے محکمہ تعلیم کے حوالے نہیں کیا گیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک ہفتہ قبل گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول چرخہ خیل میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ ایلیمنٹری و سیکنڈری تعلیم پشاور کے حکام 10 جون تک گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول امید آباد نمبر 2 اور گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مشتاق آباد کے بارے میں تمام قانونی تقاضے اور کاغذات پورے کر کے محکمہ خزانہ کے حکام کو بھیج دیں گے۔ اسی طرح گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول سیدہ زینب گل آباد کو چالو کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے گا۔ محکمہ خزانہ کے حکام نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ اگر ایڈمنسٹرٹیٹو ڈیپارٹمنٹ مکمل قانونی کاغذات ہمیں فراہم کر دے تو ایک ہفتے کے اندر اندر سکولوں کو فعال بنانے کی منظوری دے دی جائے گی۔ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ ایلیمنٹری و سیکنڈری تعلیم پشاور نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ پی کے۔ چار کے تمام مکمل شدہ سکولوں کو جلد از جلد چالو کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے امید ظاہر کی کہ محکمہ ایلیمنٹری و سیکنڈری تعلیم اور خزانہ کے متعلقہ حکام پی کے۔ چار کے ان سکولوں کو چالو کرنے کے سلسلے میں تمام توانائیاں استعمال کریں گے اور اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے تاکہ پی کے۔ چار کے طلباء و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔
انہوں نے ایس ڈی او محکمہ مواصلات و تعمیرات(بلڈنگ)کو گورنمنٹ ہائی سکول نوتھیہ جدید،گورنمنٹ ہائی سکول لنڈی ارباب، گورنمنٹ مڈل سکول نودیہہ پایاں باڑہ روڈ اور گورنمنٹ مڈل سکول مشتاق آباد نوتھیہ جدید کے تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ان سکولوں کو محکمہ تعلیم کے حوالے کر کے وہاں درس و تدریس کا سلسلہ عید کے فوری بعد شروع کیا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 89283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش