0
Thursday 4 Aug 2011 20:26

امریکہ قوموں کے حقوق کا احترام کرے، احمدی نژاد

امریکہ قوموں کے حقوق کا احترام کرے، احمدی نژاد
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق صدر اسلامی جمہوریہ ایران جناب محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ امریکہ کو چاہئے کہ وہ اپنی سیاست خارجہ کی اصلاح کرتے ہوئے اقوام عالم کے حقوق کا احترام کرے۔ وہ آج جمعرات کو تہران میں یورو نیوز چینل کے نمائندے کو انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک اور ایران کے درمیان تعلقات پر امریکہ کو اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔
جناب محمود احمدی نژاد نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے تمام اخراجات و نقصانات یورپی عوام نے برداشت کئے لیکن امریکی سرمایہ داروں نے جنگ سے حاصل تمام منافع خود سمیٹ لئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یورپ کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے۔ صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کسی کے فائدے میں نہیں، اس ملک کے مسائل کا حل وہاں کی عوام کے حقوق کا احترام ہے اور ایران اور یورپی یونین باہمی تعاون سے اس بارے میں مثبت قدم اٹھا سکتے ہیں۔
صدر احمدی نژاد نے ایران سے یورپ تک گیس پائپ لائن منصوبے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ یورپ کے ساتھ بہتر تعلقات کا بہانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران نے کبھی بھی یورپی عوام کو نقصان نہیں پہنچایا لیکن بعض یورپی حکومتوں نے ایران کو حد درجہ نقصان پہنچایا ہے۔ انہون نے کہا کہ اسکے باوجود ملت ایران مستقبل میں یورپ کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے۔
جناب محمود احمدی نژاد نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں پوچھے گئے اس سوال کے جواب میں کہ مغربی دانشور حضرات سمجھتے ہیں کہ ایران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی کا پرامن انرجی کے حصول سے کوئی تعلق نہیں، کہا کہ سب جانتے ہیں یہ دعوا کرنے والے کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے حصول کیلئے نہیں ہے مغربی دانشور نہیں بلکہ مغربی سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورینیم کی 20 فیصد افزودگی کرنے والے ری ایکٹر کا مقصد ریڈیو اکٹیو دوائیاں تیار کرنا ہے جو مکمل طور پر پرامن مقاصد میں شمار ہوتا ہے۔
جناب محمود احمدی نژاد نے کہا کہ ہم پر یہ الزام لگانے والے جان لیں کہ ہماری تمامتر ایٹمی تنصیبات اور سرگرمیاں مکمل طور پر بین الاقوامی ایٹمی توانائی کی ایجنسی آئی اے ای اے کی زیر نگرانی انجام پا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک وہ ممالک جو ایٹم بم تیار کر رہے ہیں دوسروں کی نسبت زیادہ خطرے سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکی واضح مثال یورپی ممالک میں چھپائے گئے ایٹم بم ہیں جو یورپی عوام کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔
صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا کہ ایٹم بم کا دور گزر چکا ہے کیونکہ اگر ایسا نہ ہوتا تو ہزاروں ایٹم بم کا مالک روس کبھی سرنگون نہ ہوتا یا خطے میں سب سے زیادہ ایٹم بم کا حامل ملک اسرائیل 33 روزہ جنگ میں حزب اللہ لبنان کے مقابلے میں اس طرح ذلت آمیز شکست سے دوچار نہ ہوتا۔
خبر کا کوڈ : 89429
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش