0
Thursday 4 Aug 2011 00:26

امت مسلمہ کی مشکلات اور کمزوریاں قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دور کی جا سکتی ہیں، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

امت مسلمہ کی مشکلات اور کمزوریاں قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دور کی جا سکتی ہیں، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ماہ مبارک رمضان کے آغاز پر کل یکم رمضان کی رات اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی رہائشگاہ پر قرآن سے انس کی محفل کا انعقاد کیا گیا ۔ اس محفل میں ملک بھر سے قاری، حافظ اور معلمین قرآن کریم نے شرکت کی۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حفظ، قرآن کے ساتھ انس اور آیات قرآن کریم میں غور و فکر کو ملک میں قرآنی فضا کے قیام کا باعث قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ قرآن سے لگاو کی یہ مہم ملک میں کم از کم ایک کروڑ حافظ قرآن پیدا کرنے کا باعث بن سکے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ قرآن کریم میں بشریت کی تمام ضروریات اور اقوام عالم کیلئے دنیوی و اخروی سعادت تک پہنچنے کی رہنمائی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی تمام کمزوریوں، مشکلات اور ترقی کے میدان میں پیچھے رہ جانے کا حل قرآن کریم کی پہچان اور قرآنی تعلیمات کی پیروی میں پوشیدہ ہے۔
قائد انقلاب اسلامی ایران نے عالم اسلام پر طاغوتی قوتوں کی حکومت کو مسلمانوں کے معاشی وسائل کی لوٹ مار اور ثقافتی تشخص کی نابودی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ قرآن کریم اقوام کی مادی اور روحانی ترقی کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور اس تاریخی حقیقت کا واضح نمونہ ملت ایران کی شکل میں موجود ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر نے ایران میں اسلامی انقلاب کو قرآن کریم کی جانب ایک قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملت ایران آج اسی قدم کی بدولت دنیا کی طاقتورترین اور زندہ ترین قوموں میں شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خداوند متعال نے قرآن کریم سے تمسک کی خاطر ملت ایران کو عزت، طاقت اور بصیرت عطا کی ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسلمان اقوام کے درمیان اسلامی مطالبات کے فروغ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے اسے امت اسلامی کی ترقی اور تحرک کی علامت قرار دیا اور کہا کہ خدا کے فضل سے آج جس جگہ بھی اسلامی اور قرآنی نعرے سنائی دیتے ہیں وہاں اسلام دشمن عناصر کا اثر و رسوخ بھی کم نظر آتا ہے۔
یہ نورانی محفل تقریبا 4 گھنٹے تک جاری رہی جسکے آخر میں تمام شرکاء نے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں نماز جماعت ادا کی اور انکے ہمراہ روزہ افطار کیا۔
خبر کا کوڈ : 89267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش