0
Sunday 1 Nov 2020 01:20

نااہل و ناکام حکومت افواج پاکستان کیلئے مشکل ترین صورتحال پیدا کر رہی ہے، لیاقت بلوچ 

نااہل و ناکام حکومت افواج پاکستان کیلئے مشکل ترین صورتحال پیدا کر رہی ہے، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 22 کروڑ پاکستانیوں نے فرانس کے صدر کی ہرزہ سرائی اور مذاہب کے درمیان فساد کے دل آزار اقدام کو مسترد کر دیا ہے، فرانس کا فاطرالعقل، فاطر اسلام صدر عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، فرانس کی اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں مستقل ممبر شپ ختم کی جائے، سکیورٹی کونسل میں مستقل مسلم نمائندگی دی جائے اور عالمی سطح پر شعائر اسلام کی حفاظت کے لیے قانون سازی کی جائے۔ عالم اسلام کی قیادت اور کچھ نہیں تو قرآن، رسول اللہ کی ناموس اور شعائر اسلام کی حفاظت کے لیے قانون سازی میں کردار ادا کریں۔ پوری دنیا کے مسلمانوں نے عشق رسول کے اظہار سے اعلان کر دیا ہے کہ مستقبل کا نظام اسلام ہی انسانوں کو بحرانوں سے نجات دلا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں محسن انسانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک اسلام کی حکمرانی، معاشی ناانصافی کے خاتمہ اور اسلامی معاشی نظام، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور سیاسی پارلیمانی اور انتخابی نظام سے اسٹیبلشمنٹ کے عمل دخل کے خاتمہ کے لیے ہے، عمران خان سرکار ریاستی اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھی پر بچی ہوئی ہے، نااہل و ناکام حکومت افواج پاکستان کے لیے مشکل ترین صورتحال پیدا کر رہی ہے۔ نااہلوں، نکموں کی سرپرستی جاری رکھی گئی تو ملک بڑی انارکی کا شکار ہو جائے گا۔ سیاسی قومی بحران کا حل آئین پاکستان کے دائرہ کار کے مطابق حل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور سرکاری محکموں پر رشوت کا راج عوام کے لیے جان لیوا ہے۔ حکمران اپنے ہر مخالف کو غدار، بھارتی ایجنٹ ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں، اپوزیشن کا بیانیہ اگر حکومت کے نزدیک قابل اعتراض ہے تو وزیراعظم، وزراء، مشیران اور حکومتی ترجمانوں کی فوج اپنے بیانیہ سے بھارتی سہولت کاری کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 895257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش