0
Tuesday 10 Nov 2020 23:22

حکومت نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کو تمام سہولیات سے محروم کر رکھا ہے، مشتاق خان

حکومت نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کو تمام سہولیات سے محروم کر رکھا ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی اور مرکزی حکومت نے جان بوجھ کر جنوبی اضلاع کو ترقی سے محروم رکھا ہے، حقوق جنوبی اضلاع تحریک کا آغاز چارٹر آف ڈیمانڈ سے کر دیا ہے۔ حقوق جنوبی اضلاع تحریک کے سلسلے میں 24 نومبر کو جنوبی اضلاع کونسل کا اجلاس ہوگا، جس میں وکلاء، صحافیوں، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں جرگہ اور علاقہ عمائدین کو شرکت کی دعوت دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں جنوبی اضلاع کے عوام ہر قسم کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور پتھر کے زمانے میں زندگی گزار ر ہے ہیں، قدرتی دولت، بے انتہاء معدنیات سے مالا مال جنوبی اضلاع کے عوام کو حکمرانوں نے دانستہ پسماندہ رکھا ہے۔ جنوبی اضلاع کو تمام سہولیات کے ساتھ سی پیک میں حصہ بشمول موٹروے، ریلوے، اسپیشل اکنامک زون، فور جی اور مستقبل میں فائیو جی کی فراہمی یقینی بنائی جائی۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک سی پیک روٹ ہر قسم کے خطرات سے محفوظ ہوگا، اس لئے اس کی تعمیر کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ پینے کے پانی اور آبنوشی کے مسئلہ کے حل کے لئے چشمہ رائٹ بنک لیفٹ کنال کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس سے جنوبی اضلاع میں زرعی انقلاب آئے گا۔ تیل اور گیس کی رائلٹی اور قومی و صوبائی بجٹ میں جائز حصہ جنوبی اضلاع کا حق ہے۔ تیل کی صفائی کے آئل ریفائنریاں لگائی جائیں۔ ضم شدہ چار اضلاع کرم، اورکزئی اور شمالی و جنوبی وزیرستان اور سابقہ ایف آرز دہشت گردی اور فوجی آپریشنوں میں متاثر ہوئے ہیں، ان کو 100 ارب روپے سالانہ کے پیکج میں اپنا جائز حصہ دیا جائے۔ تمام اضلاع میں چھوٹے بارانی ڈیمز تعمیر کیے جائیں۔ ساتھ ساتھ ہونے والے نقصانات اور تباہی کی تلافی کی جائے۔ پاراچنار، غلام خان اور انگور اڈہ کو سرحدی تجارت کے لئے ترقی دی جائے اور انہیں 20 سال تک ٹیکس سے مستثنیٰ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 897068
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش