0
Friday 13 Nov 2020 21:03

جماعت اسلامی نے ’’عوامی چارٹر‘‘ جاری کر دیا، حکومت مخالف تحریک کا بھی اعلان

جماعت اسلامی نے ’’عوامی چارٹر‘‘ جاری کر دیا، حکومت مخالف تحریک کا بھی اعلان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے عوامی چارٹر جماعت اسلامی پاکستان پیش کر دیا۔ منصورہ لاہور میں دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ عوامی چارٹر دے کر کراچی سے چترال تک تحریک چلا رہے ہیں، چینی، آٹا، پٹرول مافیا کے تعاون سے بننے والی حکومت کبھی ان مافیا کو نہیں پکڑ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور مریم نواز اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں نہ لائیں، 73 سال بعد وہ مقصد پاکستان کو نصیب نہیں ہوا جس کیلئے یہ ملک بنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے آئین کیساتھ بے وفائی ہوئی، ان نااہل حکمرانوں سے پاکستان کو خطرہ ہے، ان حکمرانوں نے پاکستان کیلئے کچھ نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنی آئندہ آنیوالی سات نسلوں کیلئے اثاثے اکھٹے کئے ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں بھی کوئی تبدیلی نہ آئی، تمام پارٹیوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، نئی حکومت نے پاکستان کے 8 سو دنوں کو ضائع کیا، حکومتی کارکردگی پر اِنا للہ پڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کسان، کاشتکار رو رہا ہے، کسان اپنے حقوق کیلئے لاہور آتے ہیں تو اپنے ساتھی کی لاش گھر لے کر جاتے ہیں، عوام کو منظم اور ترجمانی کیلئے عوامی چارٹر پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی سے چترال تک تحریک چلائے گے، قومی عوامی چارٹر دے کر پاکستان کی عوام کیلئے آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے موجودہ معاشی حالت پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صحافی کی آواز کو دبا رہی ہے، صحافی کی آواز کو بند کرنا ڈکٹیٹرشپ کی علامت ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے الیکشن کے حوالے سے ایک ہی بات کی ہے، ہماری فوج کو بہت بڑے دشمن کا سامنا ہے، حکومت میں سول اداروں کی بالا دستی ہونی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو جمہوری معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے بلکہ ریلیف کی بجائے تکلیف دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کو اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیئے اور اقتدار ایسی جماعت کو دیا جائے جو ملک کو اس کی روح کے مطابق نظام مصطفیٰ دے اور اسی اسلامی طرز حکومت کے ذریعے چلا سکے۔ اس موقع نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 897612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش