0
Tuesday 17 Nov 2020 00:19

پی ایم ڈی جماعتوں کا اتحاد غیر فطری، غیر فطری چیز جلد اپنے اختتام کو پہنچ جاتی ہے، شاہ محمود قریشی

پی ایم ڈی جماعتوں کا اتحاد غیر فطری، غیر فطری چیز جلد اپنے اختتام کو پہنچ جاتی ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں ہم نے شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی ہے۔ گلگت الیکشن میں عوام نے نون لیگ کے بیانیے کو مسترد کیا۔ پی پی اور نون لیگ دونوں کی عوامی مقبولیت کی قلعی کھل گئی۔ عوام نے دونوں جماعتوں کو بری طرح مسترد کیا۔ پولنگ کے روز شدید برف باری کے باوجود ٹرن آوٹ ٹھیک رہا اور عوام کی کثیر تعداد لائنوں میں لگ کر ووٹ دیتے دکھائی دیئے۔ امن و امان مثالی تھا۔ کوئی جھگڑا سننے میں نہیں آیا۔ الیکشن میں بھرپور دلچسپی لینے پر گلگت بلتستان کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں مختلف تقریبات سے خطاب  و سینیئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جو ملک میں افراتفری و انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔

پی ڈی ایم رہنماوں کے بیانیے و نظریات ایک دوسرے سے مختلف ہیں، ان میں یکسوئی نظر نہیں آتی، پی ایم ڈی جماعتوں کا اتحاد غیر فطری ہے اور غیر فطری چیز جلد یا بادیر اپنے اختتام کو پہنچ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کرونا نے ملکی معیشت کو کافی نقصان پہنچایا۔ حکومت نے کرونا کی پہلی لہر کے دوران عوام کو غربت اور فاقوں سے بچایا اور جس حد تک ہوسکا، امداد فراہم کی۔ اب کرونا کی دوسری لہر آچکی ہے، جس کی شدت پہلے کی نسبت زیادہ ہے۔ عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور جس حد تک ہوسکے، سماجی فاصلہ، ماسک و دیگر احتیاتی تدابیر پر عملدرآمد کریں۔ انہوں نے کہا ہم اعتراف کرتے ہیں کہ مہنگائی زیادہ ہے، لیکن مہنگائی گرانفرشی موجودہ حکومت کا نہیں بلکہ سابقہ حکومت کا تحفہ ہے۔ ہم اس پر قابو پانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت دیگر چیلنجز کی طرح مہنگائی کے چیلنج پر بھی قابو پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے، برآمدات اور ترسیلات زر بڑھ رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے انڈسٹری کیلئے جو پیکیج دیا ہے، وہ خوش آئند ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے اس صنعتی پیکیج سے فیصل آباد اور ملتان کی بند پاور لومز انڈسٹری کو سہارا ملے گا، جس کی بدولت نہ صرف ملکی صنعتی ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو روزگار بھی مہیا ہوگا۔ واضح رہے فیصل آباد اور ملتان کی پاور لومز انڈسٹری ایک طویل عرصے سے بندش کا شکار تھی اور ہزاروں خاندان اس کی بدولت بے روزگار ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 898208
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش