0
Tuesday 17 Nov 2020 23:25

سرگودہا، پولیس کے زیراہتمام شان رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس کا انعقاد

سرگودہا، پولیس کے زیراہتمام شان رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت کی جانب سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد ہفتہ شان رحمت العالمین منانے کا اعلان کیا گیا۔ اس سلسلے میں ذکاء اللہ شہید پولیس لائنز سرگودہا میں شان رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پولیس کے افسران و جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، اس کے بعد اسسٹنٹ سب انسپکٹر صفدر اقبال اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر ارم نذیر نے گل ہائے عقیدت پیش کیے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا ذوالفقار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپﷺ کی ذات سراپا رحمت ہے، آپؑ پر دورد پڑھنے سے جہاں نیکیوں میں اضافہ ہوتا ہے، وہیں گناہوں میں کمی ہوتی ہے اور سب سے بڑھ کر دعاؤں کی مقبولیت کا باعث ہے۔

چیئرمین شعبہ اسلامیات یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر فیروزالدین شاہ نے سیرت النبیﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں کیلئے بھی سراپا رحمت ہیں۔ انہوں نے آپ ﷺ کی زندگی مبارکہ کے مختلف واقعات بیان کیے اور اس بات پر زور دیا کہ رسول اللہﷺ نے ہمیں برداشت اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا درس دیا ہے، ان پر عمل کیا جائے اور ایک دوسرے کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے معاشرے کو پرامن بنایا جائے۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کے پروفیسر ہارون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپﷺ کا اخلاق ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے، آپﷺ کی تعلیمات کے مطابق دین اچھے اخلاق کا نام ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس بات کا اعادہ کریں کہ ہم نے تمام لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے اور اس بات کی کوشش کرنی ہے کہ ہمارے کسی عمل سے کسی کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر فیروز الدین شاہ نے دعا کرائی۔
خبر کا کوڈ : 898408
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش