0
Sunday 6 Dec 2020 15:27

اجتماعات پر پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، عثمان بزدار

اجتماعات پر پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر ایکسپو سنٹر لاہور میں کورونا فیلڈ ہسپتال دوبارہ فعال کر دیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر کا دورہِ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ ہسپتال میں کورونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری صحت کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان، پروفیسر اسد اسلم اور دیگر نے وزیراعلی کو بریفنگ دی۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے فیلڈ ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے فیلڈ ہسپتال کے باہر موجود ایمبولینس کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلی کو  ایمبولینس کے ذریعے کورونا مریضوں کو شفٹ کرنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے سے ملاقات کی اور ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے جذبے کی تعریف کی۔ وزیراعلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپو سنٹر کے فیلڈ ہسپتال میں آکسیجن والے 300 بیڈز کا انتظام کیا گیا ہے۔ پورٹیبل وینٹی لیٹرز بھی فیلڈ ہسپتال میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا فیلڈ ہسپتال میں آؤٹ ڈور مریضوں کا علاج معالجہ شروع کر دیا گیا ہے۔ آؤٹ ڈور میں مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ فیلڈ ہسپتال میں تمام ضروری سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔ کورونا سے محفوظ رہنے کا بہترین حل گھرو ں میں رہنا ہے۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ لاہور کورونا سے بہت زیادہ متاثر ہے، صورتحال تشویشناک ہے، لیکن حکومت کی تیاریاں بھی مکمل ہیں، حکومت کورونا کا پھیلاؤروکنے کیلئے تمام ضروری احتیاطی اقدامات کر رہی ہے جبکہ آکسیجن کا وافر سٹاک رکھا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت ایکشن لیا جائے گا۔ اجتماعات پر پابندی ہے، خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے صوبہ بھر میں مختص ہسپتالوں کو ازسرنوء فعال کر دیا ہے، ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور ضروری طبی سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو ایک ارب روپے سے زائد کے فنڈز فراہم کئے ہیں، کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث ٹیچنگ ہسپتالوں کو جون 2020 کی پوزیشن پر بحال کر دیا گیا ہے، ہسپتالوں میں ایچ ڈی یوز کو بھی بحال کر دیا ہے، اپوزیشن اجتماعات کے ذریعے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے۔
خبر کا کوڈ : 902017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش