0
Sunday 6 Dec 2020 19:18

علامہ صفدر نجفی، علامہ نیاز نقوی اور سیٹھ نوازش علی نے اسلام اور انسانیت کی خدمت کی ہے، مقررین

علامہ صفدر نجفی، علامہ نیاز نقوی اور سیٹھ نوازش علی نے اسلام اور انسانیت کی خدمت کی ہے، مقررین
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے بانی صدر علامہ سید صفدر حسین نجفی کی 31 ویں برسی اور نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی اور مینجنگ ٹرسٹی جامعۃ المنتظر سیٹھ نوازش علی کی رسم چہلم کے سلسلے میں جامع علی مسجد جامعة المنتظر لاہور میں قرآن خوانی اور مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ مرحومین کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خطاب میں مقررین نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب و مسالک کو مل جل کر رہنا ہے، امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا، اتحاد بین المسلمین کیساتھ غیر مسلم اقلیتوں کے تحفظ اور کورونا آگاہی کے حوالے سے پاکستان کے علماء کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل اور الیکٹرونک میڈیا کی اہمیت کے باوجود عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور کورونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مسجد سے اٹھنے والی آواز زیادہ موثر ہے۔

مقررین نے کہا کہ تاریخ نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کرنیوالی شخصیات کو یاد رکھا، دنیا میں جو مسلمان موجود ہیں، وہ امام حسین علیہ السلام کی قربانی کا نتیجہ ہیں، نواسہ رسول نے ہمیں حق پر قائم رہنے کا درس دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی کربلا میں قربانی کو صرف مسلمان ہی نہیں، غیر مسلم بھی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمیں حق پر قائم رہنا چاہیئے، چاہے جتنی بھی مصیبتیں برداشت کرنی پڑیں۔ مقررین نے کہا کہ علامہ صفدر نجفی، علامہ نیاز نقوی اور سیٹھ نوازش علی نے اسلام اور انسانیت کی خدمت کی ہے، یہ تینوں شخصیات اتحاد امت کیلئے متحرک رہیں، مصلح اور متقی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے نقش قدم پر چلنا اور ان کے کاموں کو جاری رکھنا ہے۔

تقریب سے مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل علامہ محمد تقی نقوی، علامہ محمد افضل حیدری، ڈاکٹر محمد حسین اکبر، مرحوم علامہ نیاز نقوی کے فرزند مولانا محمد حسن نقوی، علامہ عارف واحدی، علامہ شاہد نقوی، مولانا ظفر شاہانی، مولانا مرید نقوی، قونصل جنرل ایران محمد رضا ناظری، مولانا محمد خان لغاری، مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا مفتی عاشق بخاری، پرویز اکبر ساقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ نجف اشرف سے مرجع عالیقدر آیت اللہ بشیر حسین نجفی کا خصوصی پیغام مولانا امجد علی عابدی نے پیش کیا۔ مرحوم علامہ نیاز نقوی کے فرزند مولانا محمد حسن نقوی نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد مرحوم نے محسن ملت علامہ صفدر نجفی کا اندرون اور بیرون ملک ساتھ دیا۔ وہ انقلاب اسلامی اور امام خمینی کے معاون تھے۔

مولانا مرید حسین نقوی نے کہا کہ امام خمینی کی جلاوطنی کے دوران علامہ صفدر نجفی اور سیٹھ نوازش علی نے پیرس فرانس جا کر ان کی مالی امداد کی اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔ مولانا شاہد نقوی نے کہا کہ علامہ نیاز نقوی مرحوم نے مذاہب اور مسالک کیساتھ اہل تشیع کے درمیان بھی اتحاد کیلئے متحرک تھے۔ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا کہ علامہ قاضی نیاز حسین کی اتحاد امت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے ایران میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دیں، مرحوم نے پوری زندگی دین اسلام کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ دیگر مقررین نے بھی علامہ صفدر حسین نجفی اور سیٹھ نوازش علی کی ملی و قومی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 902048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش