0
Tuesday 8 Dec 2020 00:12
اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کیلئے عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے

میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کرونگا، عمران خان

میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کرونگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ مجھے جانتے نہیں ہیں، چاہے میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی و پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لیے اب عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مجھے جانتے نہیں، میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ خود ان کا سارا خاندان باہر بیٹھا ہے۔ یہاں عوام کو اپنے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ اپوزیشن مینار پاکستان پر دس جلسے کرلے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کی فکر ہے، جلسے کو سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کریں گے۔ ہم جلسہ نہیں روکیں گے، ان کی خواہش ہے کہ حکومت جلسہ روکے۔ اپوزیشن تصادم چاہتی ہے، حکومت ان کو تصادم کا موقع فراہم نہیں کرے گی۔

اجلاس میں لاہور میں سرکاری زمینوں پر قبضے کے خلاف جاری آپریشن پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن ملک بھر میں تیز کریں گے۔ ہر جگہ قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے۔ ان کو خوف ہے کہ حکومت چلتی رہی تو ان کے کارنامے سامنے آتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سارے مل کر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور ان کی چوری بچ جائے۔ کسی سیاسی یا قبضہ مافیا کو این آر او نہیں ملے گا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور موجودہ سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی فٹ بال کک اور جوڈو کراٹے کے مظاہرے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ دنوں میں نے دیکھا ہے کہ فردوس پنجاب جا کر بہت متحرک ہوگئی ہیں۔ تحریک انصاف کے لوگوں کو اسی جنون کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 902303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش