0
Wednesday 9 Dec 2020 19:33

کراچی میں یومیہ 60 افراد موبائل فونز سے محروم، امسال اب تک 20 ہزار وارداتیں

کراچی میں یومیہ 60 افراد موبائل فونز سے محروم، امسال اب تک 20 ہزار وارداتیں
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں موبائل فون رکھنا شہریوں کے لئے وبال جان بن گیا اور یومیہ 60 افراد کو ان کے قیمتی موبائل فونز سے محروم کیا جانے لگا۔ رواں سال کے 11 مہینوں کے دوران شہریوں سے اسلحہ کے زور پر 20 ہزار سے زائد قیمتی موبائل فونز چھین لئے گئے۔ سب سے زیادہ ستمبر کے مہینے میں 2510 موبائل فونز چھینے گئے اور سب سے کم اپریل میں 846 موبائل فونز چھینے گئے، مسلح لٹیروں نے پولیس کے اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کے دعوے ہوا میں اڑا دیئے۔ شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں پولیس مکمل ناکام ہوگئی، مسلح ملزمان پولیس کو کسی خاطر میں لائے بغیر سرعام وارداتیں کرتے ہیں، ان وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سوشل میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں لیکن اس سے فائدہ اٹھانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے اور پولیس صرف خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔ اگر ہم صرف موبائل فون چھینے جانے کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو ہوش اڑا دینے والے حقائق سامنے آتے ہیں۔

ذرائع نے جب رواں سال ہونے والے اسٹریٹ کرائم اور صرف موبائل فونز چھینے کی وارداتوں سے متعلق اعداد و شمار حاصل کئے تو پولیس کی کارکردگی سے پردہ اٹھ گیا۔ سی پی ایل سی اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری میں 1939، فروری 1846، مارچ 1381، اپریل میں سب سے کم 846، مئی 1438، جون 1899، جولائی 2127 ، اگست 2045، ستمبر میں سے زیادہ 2510، اکتوبر 2180 اور نومبر میں شہریوں سے 1843 موبائل فونز اسلحہ کے زور پر چھین لئے گئے۔ وارداتوں کی ترتیب کے اعتبار سے تھانہ کورنگی صنعتی ایریا سے 889 موبائل فونز، ضلع شرقی کے تھانے گلشن اقبال سے 661، کورنگی کے تھانے زمان ٹاؤن سے 530 موبائل فونز، شرقی کے تھانے شارع فیصل سے 517، وسطی کے تھانے شاہراہ نورجہاں سے 512، کورنگی کے تھانے عوامی کالونی سے 491 موبائل فونز، وسطی کے تھانے تیموریہ 480، شرقی کے تھانے سہراب گوٹھ سے 465، سچل کے علاقے 456، وسطی کے تھانے ناظم آباد 450 موبائل فونز، عزیز آباد 434، سرسید سے 427، شرقی کے تھانے عزیز بھٹی 423، غربی کے تھانے سرجانی ٹاؤن 415، شرقی کے تھانے فیروز آباد 358، مبینہ ٹاؤن 357، وسطی کے تھانے خواجہ اجمیر نگری 354، ایسٹ کے تھانے گلستان جوہر 328، سائٹ سپر ہائی وے 319 موبائل فون چھینے گئے۔

ضلع کورنگی کے تھانے کورنگی 283، وسطی کے تھانے نارتھ ناظم آباد سے 280، شرقی کے تھانے جمشید کوارٹر 279، کورنگی کے تھانے شاہ فیصل کالونی 274 ، لانڈھی 264، ملیر کے تھانے شاہ لطیف ٹاؤن سے 255، وسطی کے تھانے بلال کالونی 248، نیو کراچی 247، نیو کراچی صنعتی ایریا سے 239 موبائل فونز چھینے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے موبائل فونز کی ریکوری اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے جبکہ دن دیہاڑے لُٹنے والے شہریوں نے پولیس کی کارکردگی سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اور مؤثر حکمت عملی اپنائے جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لیں۔
خبر کا کوڈ : 902703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش