0
Wednesday 27 Jan 2021 21:06

یوم جمہوریہ پر تشدد کیلئے امت شاہ ذمہ دار ہے، رندیپ سنگھ

یوم جمہوریہ پر تشدد کیلئے امت شاہ ذمہ دار ہے، رندیپ سنگھ
اسلام ٹائمز۔ کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ لاء اینڈ آرڈر اور خفیہ نظام کی ناکامی کے لئے امت شاہ ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان تحریک کی آڑ میں دہلی میں جو منظم تشدد اور انارکی ہوئی ہے، اس سے منسلک خفیہ اطلاع امت شاہ کے پاس تھی اور اس کے باوجود تشدد روکنے میں وہ ناکام رہے ہیں۔ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ جب تمام اطلاعات وزیرداخلہ کو تھیں تو وقت پر تشدد روکنے کے لئے قدم کیوں نہیں اٹھائے گئے۔ انہوں نے اسے وزیر داخلہ کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ اس ناکامی کے مدنظر امت شاہ کو ایک لمحہ بھی عہدے پر قائم رہنے کا حق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سال کے اندر دہلی میں دوسری بار تشدد ہوا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ امت شاہ اس عہدے کے لائق نہیں ہیں لہٰذا انہیں برخاست کیا جانا چاہیئے۔

رندیپ سنگھ نے کہا کہ حکومت تشدد کرنے والوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے اور سوچی سمجھی سازش کے تحت دونوں کی ملی بھگت سے دہلی میں تشدد کو انجام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت تحریک کار کسانوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ حکومت فسادیوں اور غیر سماجی عناصر پر کارروائی کرنے کے بجائے کسان مورچہ کے رہنماؤں پر مقدمے درج کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزارت داخلہ ہنگامہ اور تشدد کرنے والے تحریک کاروں کے خلاف سخت کارروائی کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ادھر دہلی پولیس نے یوم جمہوریہ کو دارالحکومت میں ہنگامہ بپا کرنے والے 100 سے زیادہ تحریک کاروں کو حراست میں لے رکھا ہے۔ اس سلسلے میں 20 سے بھی زائد ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کسان لیڈروں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کروائی جا سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 912746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش