0
Thursday 28 Jan 2021 17:52

آمدنی سے زائد اثاثوں کی تحقیقات، سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کو نیب نے طلب کر لیا

آمدنی سے زائد اثاثوں کی تحقیقات، سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کو نیب نے طلب کر لیا
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نیب کے ریڈار میں آگئے۔ آمدنی سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کیلئے نیب سب آفس گلگت نے سابق وزیر اعلیٰ کو 2 فروری کو دن گیارہ بجے طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق سید مہدی شاہ کو اپنے اثاثوں اور جائیدادوں سمیت بنک اکائونٹس کا ریکارڈ بھی ساتھ لانے کا حکم دیا گیا ہے۔  سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ جی بی کو نیم صوبائی سیٹ اپ ملنے کے بعد خطے کی تاریخ کے پہلے وزیر اعلیٰ بنے تھے جو 2009ء سے 2014ء تک جی بی کے وزیر اعلیٰ رہے۔ تاہم بعد میں ہونے والے دونوں عام انتخابات میں وہ اپنی سیٹ ہار گئے تھے۔ نیب کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ کیخلاف تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ سید مہدی شاہ کے پاس آمدنی سے زائد اثاثے ہیں۔

نوٹس میں سید مہدی شاہ کو منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں کی تفصیلات، تمام بنک اکاﺅنٹس کی تفصیلات، سرکاری و نجی سطح پر غیر ملکی دوروں کی تفصیلات، انویسٹمنٹ، انشورنس پالیسیز، بانڈز کی تفصیلات، اپنے دور حکومت میں پوسٹوں کی تفصیلات اور دیگر متعلقہ ریکارڈ ساتھ لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ نوٹس کی تعمیل نہ کرنے کی صورت قانونی کارروائی کی بھی تنبہہ کی گئی ہے۔ دوسری جانب صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد اسے پہلا میگا نیب کیس قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ احتساب کا شکنجہ تیار ہے اور قومی وسائل لوٹنے والوں کے گرد گھیرا تنگ ہوگا۔ دوسری جانب ذرائع نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ ایک اور سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن کیخلاف شکنجہ کسنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ عنقریب وہ بھی باقاعدہ نیب کے ریڈار میں آجائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 912933
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش