0
Friday 19 Feb 2021 23:21

ضمنی انتخابات، PK-63 نوشہرہ سے مسلم لیگ نواز نے میدان مار لیا

ضمنی انتخابات، PK-63 نوشہرہ سے مسلم لیگ نواز نے میدان مار لیا
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ سامنے آچکا ہے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی نے 21 ہزار 122 ووٹ لے کر فتح حاصل کر لی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے میاں عمر کاکا خیل 17 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ اس حلقے میں لیگی رہنماء نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو 4 ہزار 99 ووٹوں کی واضح برتری سے شکست دی ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولنگ ختم ہونے کے فوری بعد موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں حکمراں جماعت تحریک انصاف چاروں نشستوں پر پیچھے چلی گئی ہے۔

3 حلقوں این اے 75 ڈسکہ، پی پی 51 وزیرآباد، پی کے 63 نوشہرہ میں نون لیگ جبکہ این اے 45 کرم میں آزاد امیدوار کو برتری حاصل ہوگئی ہے۔ این اے 75 ڈسکہ 360 پولنگ اسٹیشنز میں 50 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج کے تحت مسلم لیگ نون کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار 16 ہزار 925 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی 10 ہزار 596 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ حلقہ پی پی 51 کے 18 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری محمد یوسف 5452 ووٹ لے کر پیچھے جبکہ مسلم لیگ نون کی امیدوار بیگم طلعت شوکت 5493 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ حلقہ این اے 45 کرم میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں 40 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار سید جمال 5 ہزار 486 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 5 ہزار 388 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

یاد رہے کہ این اے 75 ڈسکہ کی نشست مسلم لیگ نون کے ایم این اے افتخارالحسن شاہ کے انتقال کے باعث، حلقہ پی پی 51 کی نشست نون لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث، پی کے 63 نوشہرہ کی نشست تحریک انصاف کے وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل کے انتقال کے باعث اور این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی (ف) کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے باعث حالی ہوئی تھی۔ آج ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں سوائے این اے 75 ڈسکہ کے، دیگر 3 حلقوں میں صورتحال پرامن رہی۔ این اے 75 ڈسکہ میں ہوئے قاتلانہ حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے 2 کارکن جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 917228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش