0
Tuesday 2 Mar 2021 23:52

پی ڈی ایم کیساتھ اتحاد نہیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے، مشتاق خان

پی ڈی ایم کیساتھ اتحاد نہیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے پی ڈی ایم کے ساتھ اتحاد نہیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے، یہ ایڈجسٹمنٹ صرف خیبر پختونخوا کی حد تک ہے۔ باجوڑ میں چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور ایف سی کے دِن اور رات کو چھاپے پختون روایات کو پاؤں تلے روندھنا ہے، چھاپوں کی وجہ سے علاقے میں شدید بے چینی جنم لے رہی ہے۔ ہم اِس کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت فی الفور ایسے اقدامات کو روکے۔ ضم شدہ اضلاع کو سالانہ 100 ارب روپے اور 3 فیصد این ایف سی یعنی 124 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، 40، 50 ہزار نوکریوں کا وعدہ کیا گیا تھا، سی پیک سمیت دوسری سہولیات دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن وہ سب فراڈ اور دھوکہ ثابت ہوا ہے۔ ضم شدہ اضلاع میں بجلی کے بل اور جرمانے ہیں لیکن بجلی نہیں ہے۔ دینی مدارس پر آنچ نہیں آنے دیں گے، یہ اسلام کے قلعے ہیں، ختم نبوت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ دینی مدارس، ختم نبوت اور مسجد اقصیٰ ہماری ریڈ لائن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی عنایت کلے باجوڑ میں ختم بخاری شریف کے موقع پر خطاب اور جماعت اسلامی باجوڑ کے قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست کو مافیا سے آزاد کرنا ہمارا مقصد ہے کیونکہ پاکستانی سیاست پر مافیا کا قبضہ ہے۔ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور تحریک انصاف نے ایسے لوگوں کو سینیٹ ٹکٹ دیئے ہیں جو دوہری شہریت کے حامل اور مافیا ہیں۔ اڑھائی سال میں حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ حکومت ناکام ہو چکی ہے، قرض نہ لینے کے دعوے کرنے والے ماہانہ 13 ارب کے قرضے لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قرض ناقابل ادا ہو چکا ہے، ادویات کی قیمت میں 500 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، اندرونی اور بیرونی خطرات بڑھ گئے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی رہنماء صاحبزادہ ہارون الرشید، ضلعی امیر حاجی سردار خان، شعبہ تعلقات عامہ کے صدر ملک ایاز، قاری عبد المجید اور دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 919296
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش