0
Thursday 11 Mar 2021 20:12

جامعہ این ای ڈی کو لیونگ لیب میں تبدیل کرنا چاہتا ہوں، پروفیسر سروش حشمت لودھی

جامعہ این ای ڈی کو لیونگ لیب میں تبدیل کرنا چاہتا ہوں، پروفیسر سروش حشمت لودھی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی معروف درسگاہ جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی اور اینگرو پاور لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو احسن ظفر سید کے مابین بے بی ڈے کیئر کی تعمیر اور انجینئر ابو الکلام لائبریری کی سولرازیشن سے متعلق ایم او یو پر دستخط کر دیئے گئے۔ اس موقع پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل کا کہنا تھا کہ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اس ڈے کیئر کی تعمیر خود خواتین کیلئے یقیناً خوش آئند ہوگی۔ چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل سہیل بشیر اور ڈین فیکلٹی الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ ڈاکٹر سعد قاضی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کاربن فٹ کی تخفیف کو عمل میں لائیں، اس کیلئے سولر انرجی کی جانب سفر کا آغاز کر چکے ہیں۔

شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہماری جامعہ کیلئے ایک بڑا دن ہے، اینگرو پاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2019ء این ای ڈی ایلمنائی کنووینشن میں اینگرو پاور نے جو وعدے ہم سے کیے، وہ پورے ہونے جا رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ ہم اگلی نسلوں کیلئے اس جامعہ کو جدید بنیادوں پر اُستوار کر جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ای ڈی کو لیونگ لیب میں تبدیل کرنا چاہتا ہوں۔ اس موقع پر اینگرو پاور لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو احسن ظفر سید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نصف سے زیادہ آبادی خواتین پر مشتمل ہے، ہم چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ خوتین اینگرو سے وابستہ ہوں، طالبات کیلئے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد کیرئیر کو خیرباد نہ کہیں۔

اس موقع پر رجسٹرار این ای ڈی سید غضنفر حسین، ڈپٹی رجسٹرار خالد مخدوم ہاشمی، ٹیکنیکل اسٹنٹ ٹو دی وائس چانسلر دانش الرحمان خان شہاب قادر، سی ای او اینگرو پاورجن قادرپور لمیٹڈ سید منظور حسین زیدی، سی ای او اینگرو پاورجن تھر لمیٹڈ فاروق ناظم شاہ، وی پی سروسز اینگرو انرجی سروسز محمد ادریس، جزل مینجر بزنس ڈیولپمنٹ ایکتا سیتانی، جزل مینجر کارپوریٹ آڈٹ ای ای ایل، شامخ احمد، ہیڈ آف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن ای ای ایل، قرۃالعین تنویر ڈی ایم مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن ای ای ایل بھی موجود تھے۔ پیٹرن انچیف بے بی ڈے کیئر صائمہ شمشاد اور کنوینیر ڈاکٹر عمرانہ نے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ این ڈی سے وابستہ 15فیصد خواتین اسٹاف کیلئے یہ بڑی خوشخبری ہے۔
خبر کا کوڈ : 920944
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش