0
Monday 15 Mar 2021 18:14

حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی ہے، سینیٹر مشتاق خان

حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی ہے، سینیٹر مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی ہے لیکن اس کو فرار کا راستہ فراہم نہیں کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ کارکنان بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں تیز کردیں، حکومت ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری،  مہنگائی اور کرپشن کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل سینیٹ ہال میں بنائے گئے پولنگ بوتھ سے کیمرے اور دوسرے جاسوسی آلات برآمد ہونا سینیٹ اور پارلیمنٹ کی توہین ہے۔ یہ کام سیلیکٹڈ اور سیلیکٹرز کا ہے اور یہی پاکستان میں جمہوریت کی تباہی کے اصل ذمہ دار ہیں۔ جب تک غیر جمہوری قوتوں کا سیاسی رول ختم نہیں کیا جائے گا پاکستان میں حقیقی جمہوریت نہیں آ سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں سیاسی و انتخابی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور نائب امیر عنایت اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی شدید مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جھوٹے انتخابی وعدوں، ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں اور پروٹوکول کلچر کے خاتمہ میں ناکامی نے پی ٹی آئی حکومت کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے، اس لئے حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مسلسل روڑے اٹکا رہی ہے اور فرار کے راستے ڈھونڈ رہی ہے جو دستور پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی جس کیلئے تیاریوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ضلعی ذمہ داران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اس بات کی تاکید کی کہ فوراً ویلج کونسل کی سطح پر تنظیم سازی کر کے امیدواران کی فہرستیں مکمل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کی حقیقی جمہوری اور عوامی جذبات کی ترجمان سیاسی جماعت ہے جس کو اس ملک کے حقیقی مسائل کا فہم اور ادراک ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت پر  کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے۔ جماعت اسلامی اپنے نشان اور جھنڈے کے ساتھ عوامی جدوجہد کے ذریعے اس ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے کردار ادا کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 921662
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش