0
Thursday 25 Mar 2021 00:55

پی ٹی آئی نے تبدیلی کے بڑے بڑے دعوے کیے تھے مگر اقتدار میں آنے کے بعد اس نے وہی کام کیے جو سابقہ حکومتیں کرتی آئی ہیں، سراج الحق 

پی ٹی آئی نے تبدیلی کے بڑے بڑے دعوے کیے تھے مگر اقتدار میں آنے کے بعد اس نے وہی کام کیے جو سابقہ حکومتیں کرتی آئی ہیں، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ مہنگائی کا طوفان تھمنے کانام نہیں لے رہا۔ اگر حکومت اسی طرح عوامی مسائل سے آنکھیں چراتی رہی تو آنے والے دن مزید کٹھن ہوں گے۔ رمضان کے مبارک مہینے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں پچاس فیصد کمی کی جائے، کرونا ویکسین کا ایمرجنسی بنیادوں پر انتظام ہونا چاہیے۔ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنڈر نہ کرے۔ ادارے بیچنے سے ملکی مسائل کم نہیں ہوں گے۔ تنزلی کا اصل ذمہ دار حکمران طبقہ ہے۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن بنا کر ہی استحکام پاکستان کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے، کے پی مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ لاکھوں نوجوان بیروزگار اور غربت انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ ذرائع روزگار میں اسی طرح کمی ہوتی رہی تو انارکی پھیلے گی، کے پی کے میں انفراسٹرکچر کی بہتری، تعلیم و صحت کے شعبوں میں انقلابی پروگرامز متعارف کروانے کی ضرورت ہے جو موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں۔

انہوں نے کہاکہ غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام قوت خرید کھو چکے ہیں، حکومت کی نااہلی اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے پہلے سے کمزور معیشت مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، پی ٹی آئی نے تبدیلی کے بڑے بڑے دعوے کیے تھے مگر اقتدار میں آنے کے بعد اس نے وہی کام کیے جو سابقہ حکومتیں کرتی آئی ہیں، ڈھائی برسوں میں ہی حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر اس حکومت کی رخصتی کیلیے دعائیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلیے قوم کو متحد ہو کر کرپٹ نظام اور اس کو تحفظ دینے والوں کے خلاف جدوجہدکرنا ہوگی۔ بوسیدہ اور کرپٹ نظام سے جان چھڑا نے کے لیے اور ملک میں عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک منظم جدوجہد کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا استحکام اسی صورت ممکن ہے جب کمزور طبقات، کسان، مزدور، طالبعلم، استاد متحد ہو کر جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ 73 برسوں سے آزمائے ہوئے لوگوں کو آزمانے کے بعد عوام کو کافی حد تک یقین ہوگیا ہے کہ جاگیردار اور سرمایہ دار اسی طرح ان کی گردنوں پرمسلط رہے تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اسلامی اور پائیدار جمہوری انقلاب کے لیے عوام جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کریں۔
خبر کا کوڈ : 923267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش