0
Tuesday 30 Mar 2021 18:12

فلسطین پر صہیونی غاصبانہ تسلط کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، آل پارٹیز کانفرنس

فلسطین پر صہیونی غاصبانہ تسلط کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، آل پارٹیز کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ فلسطینیوں کے عالمی یوم الارض فلسطین کے موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت آل پارٹیز پریس کانفرنس بعنوان ”فلسطین،فلسطینیوں کا وطن“ کا انعقاد کراچی پریس کلب میں کیا گیا، جس میں ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت سول سوسائٹی نمائندے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے اراکین نے شرکت کی۔ آل پارٹیز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطین پر صہیونی ریاست اسرائیل کا وجود جعلی حیثیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا فلسطین پر صہیونی غاصب ریاست کے قیام پر خاموش تماشائی بنی رہی اور آج اس کے نتیجہ میں نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ دنیا کی دیگر اقوام بشمول مقبوضہ کشمیر، عراق، افغانستان، یمن اور دیگر مقامات پر صہیونی سازشوں کے اثرات کو دیکھا جا سکتا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح (رح) نے فلسطین کاز کی دو ٹوک حمایت کرکے تاریخ کا اصولی فیصلہ کیا تھا جسے آج نسل در نسل پذیرائی حاصل ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کے چند عرب اور افریقی ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کرکے نہ صرف فلسطینیوں کی پیٹھ پر خنجر گھونپا ہے بلکہ پورے عالم اسلام اور انسانیت کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا فیصلہ فلسطینی عوام کی امنگوں کے برخلاف کسی سطح پر قبول نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پر انہوں نے فلسطینی عوام کے حق واپسی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور ساتھ سات کشمیر میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ یہ بات جان لے کہ بھارت اور اسرائیل کے مشترکہ مظالم کی تاریخ اب ختم ہونے والی ہے اور عنقریب مظلوم اقوام کی مظلومیت ہی ان کی طاقت میں بدل کر ظلم و ستم کو تخت کو تاراج کر دے گی۔ انہوں نے امریکی حکومت کی دوہری پالیسیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ امریکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کی حمایت کررہا ہے اور ظالم و جابر حکومتوں کی سرپرستی کررہا ہے۔ مقررین کا  کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور فلسطین عالم اسلام کی شہ رگ ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کے عوام متحد رہیں گے اور فلسطین کاز کے لئے ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔ کانفرنس سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم، سرپرست کمیٹی رہنماؤں بشمول جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز، سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، پی ٹی آئی سندھ کے رہنما اسرار عباسی، جے یو پی کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری، جے یو آئی (ف) کے مولانا عمر صادق، پاکستان عوامی تحریک کے مشتاق صدیقی، کے بی اے کے صدر نعیم قریشی، جنرل سیکرٹری عامر وڑائچ، پائیلر کے چیئرمین کرامت علی، کشمیری رہنما بشیر سدوزئی، پی ٹی آئی خواتین سے عرم بٹ، چرچ آف پاکستان سے مس سیسیلین جیمز اور دیگر نے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 924305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش