0
Tuesday 30 Mar 2021 21:01

وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ انٹرنیشنل کے مرکزی دفتر کا افتتاح

نئے وفاق بننے سے جہاں اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا وہیں دینی تعلیم کو فروغ ملے گا، علامہ ریاض شاہ
وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ انٹرنیشنل کے مرکزی دفتر کا افتتاح
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ انٹرنیشنل کے مرکزی دفتر کا افتتاح کر دیا گیا۔ وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کے مرکزی دفتر کا افتتاح لاہور کے جوہر ٹاون کے ایف ٹو بلاک میں کیا گیا۔ اس موقع پر جماعت اہلسنت پاکستان کے سربراہ علامہ ریاض حسین رضوی، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، سنی تحریک کے مولانا عبدالرسول نقشبندی، نواز کھرل سمیت دیگر علماء و مشائخ اور عمائدین نے شرکت کی۔ علامہ ریاض حسین رضوی نے فیتہ کاٹ کر وفاق کے مرکزی دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ ریاض حسین رضوی کا کہنا تھا کہ نئے وفاق بننے سے جہاں اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا وہیں دینی تعلیم کو فروغ ملے گا، پرانے وفاق دینی تعلیم نہیں اپنی نسلوں کی ترقی پر کام کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے نئے بورڈ قائم کرکے دینی تعلیم کے فروغ کیلئے احسن اقدام کیا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ علامہ ریاض رضوی کا کہنا تھا کہ دینی تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کا تقاضا ہے، اس کیلئے وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کا کردار نمایاں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب دینی مدراس کے فارغ التحصیل طلبہ بھی مولوی اور پیش نماز نہیں بنیں گے بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے، سائنس، طب، تدریس سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں ان کا کردار ہوگا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پہلے وفاق ایسے تھے جن پر خاندانوں کی اجارہ داری تھی، اگر وہ پہلے کی دادا کی ملکیت تھا تو اس کے بعد بیٹے کے پاس، اس کے بعد پوتے کے پاس اور پھر ان کی اولادوں کے پاس منتقل ہوتا تھا، مگر اب ایسا نہیں ہوگا، اب مدارس کو بھی بطور ادارہ ٹریٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان میں ہی نہیں دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اپنی برانچز قائم کرے گا اور مثالی تعلیم دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی کو نیچا دکھانا نہیں بلکہ ہم دینی تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں، تاکہ دیندار افراد اہم عہدوں پر آئیں اور ملک سے کرپشن، بدعنوانی، رشوت اور دیگر جرائم کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ نئے بورڈ بننے سے پتہ نہیں کیا ہو جائے گا، تو میں یقین دلاتا ہوں، نئے بورڈ سے کسی کوئی کوئی خطرہ نہیں ہونا چاہیئے، ہاں اگر کسی نے خطرہ محسوس کرنا بھی ہے تو علمی میدان میں کرے اور ہمارے طلبہ کیساتھ تعلیمی میدان میں مقابلہ کریں، تب پتہ چلے گا کہ کون کتنے پانی میں ہے۔ تقریب کے اختتام پر علامہ ریاض حسین رضوی نے ملکی سلامتی، کورونا وبا کے خاتمے، امت کے اتحاد اور وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔
خبر کا کوڈ : 924331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش