0
Friday 2 Apr 2021 17:10

لاپتہ شیعہ جوانوں کو رہا کیا جائے، اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، علامہ جواد الموسوی

لاپتہ شیعہ جوانوں کو رہا کیا جائے، اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، علامہ جواد الموسوی
اسلام ٹائمز۔ ممتاز عالم دین علامہ سید جواد الموسوی نے جامع مسجد کشمیریاں لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم (ص) اپنے پُرنور کلام میں فرماتے ہیں اس شخص کے بارے میں جس پر اللہ نے نعمتیں تمام کی ہوں آپ فرماتے ہیں جسے اللہ تین چیزیں عطا کرے سمجھو اس پر دنیا کی نعمتیں کامل ہوگئی ہیں۔ پہلا صحت ہے جس پر دن رات ایسے گزرتے ہوں کہ اس کا بدن صحیح سلامت ہو یہ نعمت الہی ہے، مزاج کا سالم ہونا، طبیعت کا سالم ہونا، فکری و روحی سلامتی، یہ اللہ کی عظیم نعمتوں میں سے ہیں، بعض انسان ساری زندگی کمانے کی فکر میں صحت خراب کرتے ہیں اور بڑھاپے میں سب کچھ دوبارہ اسی صحت کو پانے کیلئے خرچ کر دیتے ہیں۔ علامہ جواد الموسوی نے مزید کہا کہ امن و امان نہ ہونے سے نعمتیں چھن جاتی ہیں، لہذا امن و امان قائم کرنے کیلئے جرات کا مظاہرہ بھی کرنا چاہیے، بے خوف ہوکر شرپسندوں سے نمٹنا چاہئے، شہید عارف حسین الحسینی کے زمانے میں کون ضیاء الحق کیخلاف بول سکتا تھا؟ یہ مرد مجاہد عارف حسین الحسینی ہی تھے جو حسینؑ ابن علیؑ کا صحیح پیروکار تھے۔

انہوں نے کہا کہ مومن کی علامت یہی ہے اللہ کے ہوتے ہوئے کسی چیز سے خوفزدہ نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ دو دن پہلے ہمارے ایک اور مومن کو اُٹھایا گیا ہے، یاد رکھیں قدیم زمانے میں بنی عباس اور بنی اُمیہ والے بھی ایسی حرکتیں کرتے تھے، ایجنسیز سن لیں ہم ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ ڈرنے والے ہیں نہ جھکنے والے ہیں، یہ ثابت کریں ایک شیعہ نے آج تک خودکش حملے کیا ہو؟ آج تک شیعوں نے وطن کی سالمیت کیخلاف کچھ کیا ہو؟ ہم بہترین قوم ہیں، ہمارا نظریہ بہترین ہے، ہمارے علماء بہترین ہیں، کیوں ہمارے پیچھے پڑے ہو؟ آئیں ہم سے علمی اور دلیل کی بنیاد پر گفتگو کریں، ہمارے جوان سیرت علی اکبرؑ پر چلنے والے ہیں، ہمیں موت سے گرفتاریوں سے مت ڈراو، اگر علی اکبرؑ تیس ہزار کے لشکر کے سامنے سینہ سپر ہو سکتے ہیں تو ان کے پیروکار بھی ان کی سیرت پر چلنے والے ہیں، لہذا حکومت ان گمشدگان کو چھوڑ دے ان کو عدالتوں میں پیش کرے، اگر ان پر کوئی جرم ثابت ہو جائے تو یہ عدالتوں کا کام ہے، ان کو سزا دیں، کسی کو حق نہیں کہ بغیر اطلاع کے کسی پاکستانی شہری کو یوں اغوا کرے، حکومت جلد از جلد ان جوانوں کو تلاش کرے اور لواحقین کو سکون پہنچائے۔
خبر کا کوڈ : 924824
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش