0
Wednesday 28 Apr 2021 16:59

ایرانی میزائل و ڈرون پاور سے امریکہ و اسرائیل کی نیندیں حرام، مقابلے کیلئے مشترکہ گروہ تشکیل

ایرانی میزائل و ڈرون پاور سے امریکہ و اسرائیل کی نیندیں حرام، مقابلے کیلئے مشترکہ گروہ تشکیل
اسلام ٹائمز۔ ایران کی وسیع و روز افزوں میزائل و ڈرون پاور نے ایک عرصے سے یہود و نصاری کے ایوانوں میں تہلکہ مچا رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ امریکہ و اسرائیل سمیت تمام استکباری طاقتیں پیشرفتہ اسلامی ملک ایران کے ساتھ نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر تانے بانے بننے میں مصروف ہیں۔ امریکی صدارتی محل وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سالیوان نے ایرانی میزائل و ڈرون پاور سے مقابلے کے حوالے سے صیہونی مشیر قومی سلامتی مئیر بن شبات کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں خطے سے متعلق بہت سے موضوعات پر دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدے بھی دستخط ہوئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی و اسرائیلی حکام نے گذشتہ کئی سالوں کے دوران ایرانی میزائل و ڈرون طاقت کے ساتھ ساتھ جوہری پروگرام میں ہونے والی انتہائی پیشرفت پر بھی سخت پریشانی کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو ایرانی جوہری معاہدے سے متعلق ویانا میں جاری مذاکرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے اسرائیل کے ساتھ وسیع سفارتکاری کی شدید خواہش کا اظہار کیا گیا۔ امریکی صدارتی محل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ امریکہ و اسرائیل ایران کی بڑھتی طاقت کو متفقہ طور پر خطے میں اپنے لئے شدید خطرہ سمجھتے ہیں جبکہ بائیڈن کی امریکی حکومت اسرائیل کی مکمل حمایت اور اُس کے دفاع کے حق پر تاکید کرتی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ امریکہ و اسرائیل نے ایران کی جانب سے تیار کردہ پیشرفتہ ڈرون طیاروں اور گائیڈڈ میزائلوں، جنہیں اب خطے میں اس کے اتحادیوں کے سپرد بھی کر دیا گیا ہے، کے خطرے سے بچنے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے۔ اس بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ امریکہ، اسرائیلی حفاظت کے اپنے عہدوپیمان کا پابند ہے اور اسرائیل کے ساتھ اپنے ہر قسم کے تعلقات کو زندہ رکھنے پر مبنی اقدامات اٹھاتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 929694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش