0
Wednesday 28 Apr 2021 16:59

جوہری معاہدے کو "ایرانی میزائل پروگرام" تک توسیع دینے کا خیال غیر حقیقی اور تخریبکارانہ ہے، روس

جوہری معاہدے کو "ایرانی میزائل پروگرام" تک توسیع دینے کا خیال غیر حقیقی اور تخریبکارانہ ہے، روس
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے میخائیل اولیانوف نے ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے ویانا میں جاری مذاکرات کے بارے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کو ایران کے میزائل پروگرام تک توسیع دینے کا خیال "غیر حقیقی اور تخریبکارانہ" ہے۔ جرمن مجلے اشپیگل کو انٹرویو دیتے ہوئے میخائیل اولیانوف کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام کو کنٹرول کرنا، خطے کے امن و امان اور میزائل بنانے کے مسئلے سے مختلف ہے جبکہ (ویانا میں ہونے والے) مذاکرات کی آخری دو نشستوں میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اس میں شرکت کرنے والے تمام فریقوں کے لئے یہ واضح ہو چکا ہے کہ ہم بغیر کسی (نئی) شرط یا شق کے، صرف اور صرف جوہری معاہدے (JCPOA) کو بحال کر کے ہی اپنے اہداف تک پہنچ سکتے ہیں۔

روسی خبررساں ایجنسی ٹاس کے مطابق اقوام متحدہ میں روسی نمائندے نے اپنے انٹرویو میں تاکید کی ہے کہ جیسا کہ جون میں ایران کا نیا صدر منتخب ہونے والا ہے؛ (مذکورہ بالا مسئلے سے ہٹ کر) ان مذاکرات کی کامیابی کے لئے کوئی دوسرا نعم البدل موجود نہیں۔ میخائیل اولیانوف کا کہنا تھا کہ بہرحال ہم ایک مثبت رجحان کا مشاہدہ کر رہے ہیں جو ثابت کرتا ہے کہ ہم صحیح رستے پر گامزن ہیں۔ اقوام متحدہ میں روسی سفیر نے ایران و امریکہ کے نمائندوں کے درمیان براہ راست رابطے کو "تقریبا ناممکن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ البتہ (ویانا) مذاکرات کو اس مسئلے کے بغیر کامیابی کے ساتھ مکمل کرنا ممکن ہے جیسا کہ جوہری معاہدے کی بحالی اور اس میں امریکہ کی دوبارہ شرکت کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان خودبخود براہ راست گفتگو شروع ہو جائے گی کیونکہ معاہدے پر دستخط کرنے والے تمام ممالک کو معمول کی تمام نشستوں میں شرکت کرنا ہو گی۔ روسی سفارتکار نے اپنی گفتگو کے آخر میں نطنز حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے "انتہائی تخریبکارانہ" قرار دیا اور کہا کہ نطنز حادثے کے بعد پہلی پہلی ملاقاتوں کے دوران ایران اور یورپی ممالک کے درمیان گرماگرم بحثیں ہوئی تھیں تاہم اب جمعرات کے روز جوہری معاہدے پر گفتگو کے لئے امریکہ و روس کے نمائندوں کے درمیان ملاقات ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 929695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش