0
Wednesday 12 May 2021 23:14

کوئٹہ میں عید الفطر کے تین دن تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کیجائے گی، کیسکو

کوئٹہ میں عید الفطر کے تین دن تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کیجائے گی، کیسکو
اسلام ٹائمز۔ کیسکو نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بجلی فراہمی کے انتظامات کرلئے۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بجلی کی باقاعدگی سے فراہمی کے لئے انتظامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر میں عید الفطر کے تین دن تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ تعطیلات کے دوران کیسکو نے سنٹرل کمپلینٹ سیل زرغون روڈ کوئٹہ 0819201445 اور 081829753 کو مرکزی مانیٹرنگ و ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قرار دیا ہے جو 24 گھنٹے کھلا رہے گا، جو صوبائی حکومت کے ماتحت ایمرجنسی کنٹرول سینٹر 15 سے بھی رابطے میں رہے گا۔ کیسکو پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر (پی ڈی سی) چیف انجینئر (آپریشن ڈائریکٹر) کے ماتحت ایگزیکٹو انجینئر کی سربراہی میں تین شفٹ یعنی 24 گھنٹے کام کرے گا، جو بجلی کی ترسیل کی نگرانی کرے گا۔

کیسکو سینٹرل کمپلینٹ سیل صارفین کی جانب سے شہر میں کسی بھی جگہ بجلی کے منقطع ہونے یا فنی خرابی پیدا ہونے کی شکایت پر کم سے کم وقت میں بجلی کی دوبارہ بحالی کے لئے متعلقہ سب ڈویژن کو فوری کارروائی کرنے کا پابند بنائے گا تاکہ صارفین کی شکایات کا جلد از جلد ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ سنٹرل کمپلینٹ سیل تمام فیڈروں سے بجلی کی بندش، مانیٹرنگ اور بجلی کی صورتحال سے بھی کیسکو کے اعلٰی حکام کو آگاہ کرتا رہے گا۔ علاوہ ازیں صارفین 118 پر ڈائریکٹ کال کرکے یا اپنے موبائل سے بذریعہ پیغام (SMS) بھی 8118 پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ کوئٹہ شہر سے باہر تمام سٹی وَ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز فیڈروں پر صرف عید کے دن کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، جس کے بعد اُن علاقوں میں معمول کے مطابق سابقہ لوڈشیڈنگ شیڈول پر عمل کیا جائے گا۔ البتہ صوبہ میں موجود تمام دیہی اور زرعی فیڈروں کو زرعی سبسڈی معاہدے کے تحت اُن کو پرانے لوڈ مینجمنٹ شیڈول کے مطابق یومیہ 6 سے 8 گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں بھی محمد حسنی، کمبیلا، اولڈ میاں غنڈی، نیو میاں غنڈی، شاہنوز، شموزئی، سیگار، نوحصار، ریگی، اغبرگ اور مجیب رورل فیڈرز ہیں جنہیں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار نہیں دیا جائے گا۔ بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب اور قلت کے باعث سسٹم پر بوجھ بڑھ جاتا ہے، جس کی وجہ سے ٹرپنگ کا مسئلہ بھی درپیش آ سکتا ہے۔ لہٰذا تمام صارفین سے اپیل ہے کہ وہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران تمام غیر ضروری برقی آلات بند رکھیں اور صرف ضرورت کے مطابق بجلی استعمال کریں تاکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں کیسکو کے افسران و ملازمین نے سحری، افطاری اور تراویح کے دوران صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور تمام ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز کو بجلی کی فراہمی اور شکایات کے بروقت ازالہ کو بھی یقینی بنایا۔
خبر کا کوڈ : 932319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش