0
Friday 4 Jun 2021 22:05

دہلی میں کورونا لاک ڈاؤن کے خلاف تاجروں کا احتجاج

دہلی میں کورونا لاک ڈاؤن کے خلاف تاجروں کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ عالمی وباء کورونا وائرس کے سبب نافذ لاک ڈاؤن نے کاروباریوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ جوں جوں لاک ڈاؤن میں اضافہ کیا جا رہا ہے، دہلی کے کاروباریوں میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ دہلی کے تاجر لگاتار لاک ڈاؤن میں رعایت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اوکھلا مارکیٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی زیر اہتمام اوکھلا کے بٹلہ ہاؤس چوک پر علاقہ کے تاجروں نے آج لاک ڈاؤن کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا ہے۔ اس دوران مظاہرین اپنے ہاتھوں میں احتجاجی نعروں والی تختیاں لے کر فلک شگاف نعرہ لگا رہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 50 روز سے نافذ لاک ڈاؤن کے سبب ہول سیل مارکیٹ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جب کورونا وائرس انفیکشن کے معاملات کم ہورہے ہیں تو ہمیں امید تھی کہ ہول سیل مارکیٹ کھولے جائیں گے مگر دہلی کی حکومت نے ہماری امید کے برعکس لاک ڈاؤن میں مزید اضافہ کردیا ہے، جس کی وجہ سے تمام تاجر برادری فاقہ کشی کے دہانے پر آن پہنچی ہے۔

میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اوکھلا مارکیٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر خطیب تیہامی نے کہا کہ دہلی میں اب کورونا وائرس انفیکشن کے معاملات تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے تھا کہ وہ گزشتہ ہفتہ کو ہی مارکیٹ کھولنے کی اجازت دے دیتی، مگر اس نے ایسا نہ کرتے ہوئے محض دو صنعتوں کو ہی کام کرنے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے لاک ڈاؤن کے دوران عوام کے پاس پیسہ جمع تھا مگر رواں سال حالت اس کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج لوگوں کے پاس جمع پیسہ نہیں ہے اس لئے وہ اب اس لاک ڈاؤن کو برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 936309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش