0
Sunday 20 Jun 2021 23:47
ویانا مذاکرات

ممکنہ معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکے اور صلاح مشورے کیلئے اپنے اپنے ملکوں کو لوٹ رہے ہیں، سید عباس عراقچی

ممکنہ معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکے اور صلاح مشورے کیلئے اپنے اپنے ملکوں کو لوٹ رہے ہیں، سید عباس عراقچی
اسلام ٹائمز۔ ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کی بحالی کے لئے ویانا میں جاری مذاکرات میں شریک ایرانی ڈپٹی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس سے قبل قومی ٹیلیویژن نیٹورک کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آج جاری مذاکرات کے چھٹے دور کا آخری دن ہے جبکہ اس عرصے کے دوران ہم نے انتہائی مصروف اور سخت دن گزارے ہیں اور اس وقت میرے خیال میں تمام دستاویزات تیار ہو چکی ہیں۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ موجود اختلافات کے حوالے سے باقی رہ جانے والے بعض مسائل حل ہو گئے ہیں جبکہ بعض ابھی باقی ہیں تاہم موجود مسائل پوری طرح واضح ہو چکے ہیں۔ ایرانی ڈپٹی وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے خیال میں ہم سب فریقوں کے لئے فیصلہ سازی کا وقت آن پہنچا ہے کیونکہ جاری مذاکرات اور ممکنہ معاہدہ انتہائی واضح ہو چکا ہے جبکہ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے فیصلے جلد از جلد اٹھا لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ کن کن میدانوں میں کیا کچھ انجام دیا جا سکتا ہے اور کون کون سے کام ممکن ہیں بنابرایں اب وہ وقت آن پہنچا ہے کہ جب تمام فریقوں، خصوصا ہمارے مد مقابل فریق کو اپنے آخری فیصلے کر لینا چاہئیں۔ ویانا میں ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ نے اپنی گفتگو میں تاکید کی کہ یہی وجہ ہے کہ اب ہم کچھ ایام کے لئے جاری مذاکرات کو روک رہے ہیں تاکہ مزید صلاح مشوروں اور فیصلہ سازی کے لئے اپنے اپنے ملکوں کو لوٹ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کسی بھی وقت سے بڑھ کر ممکنہ معاہدے کے نزدیک پہنچ چکے ہیں جبکہ معاہدے کے حصول تک کے باقی ماندہ فاصلے کو طے کرنا آسان نہیں کیونکہ اس مرحلے میں، زیادہ تر مدمقابل فریقوں کی جانب سے متعدد سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے تاہم امید ہے کہ ہم اس کٹھن مرحلے سے گزر کر عنقریب ایک حتمی مسودے تک پہنچ جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 939132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش